واٹس ایپ کی نئی بزنس ایپ متعارف


فوٹو بشکریہ واٹس ایپ
واٹس ایپ نے اپنی ایک نئی ایپ متعارف کرادی ہے جس کا مقصد چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے اپنے صارفین سے رابطہ کرنا آسان بنانا ہے۔
واٹس ایپ بزنس نامی یہ نئی اپلیکشن ایسے فیچرز سے لیس ہے جس کا مقصد ان کاروباری اداروں کی پروفائلز میں زیادہ تفصیلات جیسے ای میل ایڈریس، کاروبار کی نوعیت، دکانوں یا دفاتر کے پتے اور ویب سائٹ کا اندراج ہوسکے گا۔
اسمارٹ میسجنگ ٹولز جیسے کوئیک رئیپلائی، اوے میسجز اور گریٹنگز وغیرہ بھی موجود ہوں گے اور اس ایپ کو استعمال کرنے والے کسی بھی وقت جان سکیں گے کہ انہوں نے کتنے پیغامات بھیجے، ان میں سے کتنے صارفین تک پہنچے اور کتنے پڑھے گئے۔
ایسے افراد جو کوئی بزنس نمبر اور ذاتی نمبر استعمال کررہے ہوں، وہ ان دونوں یعنی واٹس ایپ بزنس اور واٹس ایپ میسنجر کو ایک ڈیوائس پر دو مختلف نمبروں سے رجسٹر کرکے استعمال کرسکیں گے۔
یہ نئی ایپ ڈیسک ٹاپ ویب براﺅزر پر واٹس ایپ ویب پر بھی کام کرے گی۔

فوٹو بشکریہ واٹس ایپ

واٹس ایپ ماضی میں کہہ چکی ہے کہ تمام کاروباری اداروں جو اپنے اکاﺅنٹ کے فون نمبر کی تصدیق کریں گے، ان کی پروفائل پر ایک تصدیقی بیج یا ٹک نظر آئے گا۔
بالکل ویسے ہی جیسے گزشتہ سال واٹس ایپ میسنجر میں کاروباری اکاﺅنٹس کو گرین ویری فکیشن ٹک دیا گیا تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ دیگر صارفین اسٹینڈرڈ ایپ کو معمول کے مطابق استعمال کرسکیں گے اور ان کے پاس کاروباری اداروں کی جانب سے آنے والے پیغامات، نمبروں کو بلاک اور ان کے اسپام ہونے کی رپورٹ کرسکیں گے۔
یہ نئی ایپ اس وقت اینڈرائیڈ صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے تاہم ابھی آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے کوئی اعلان نہیں ہوا۔
اس وقت یہ نئی ایپ انڈونیشیا، اٹلی، میکسیکو، برطانیہ اور امریکا میں دستیاب ہے اور آنے والے ہفتوں میں اسے پوری دنیا میں پیش کردیا جائے گا۔

بشکریہ DOWN NEWS