سال 2018 ، وہ لوگ جو ہم سے بچھڑ گئے

سال 2018 اپنے ساتھ بہت سی یادیں لیے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ ہر سال کی طرح اس برس بھی  بہت سی عالمی شخصیات ہمارا ساتھ چھوڑ گئیں، جن کا خلا کسی نہ کسی صورت محسوس ہوتا رہے گا۔
ذیل میں شوبز، سیاست، اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی اُن اہم شخصیات کی زندگیوں پر ایک نظر ڈالی جارہی ہے، جو رواں برس ہم سے بچھڑ گئیں، لیکن ان کی یادیں، ان کا کام اور نظریات کسی نہ کسی صورت زندہ رہیں گے اور آنے والے لوگوں کو متاثر کرتے رہیں گے۔
عاصمہ جہانگیر (وفات 11 فروری 2018)
عاصمہ جہانگیر سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی علمبردار کے طور پر جانی جاتی تھیں—۔فائل فوٹو
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر اور انسانی حقوق کے حوالے سے سرگرم کارکن عاصمہ جہانگیر 11 فروری 2018 کو 66 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئیں۔
عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، وہ سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی علمبردار کے طور پر جانی جاتی تھیں۔
نڈر، باہمت اور بے باک خاتون عاصمہ جہانگیر کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی پہلی خاتون صدر ہونے کا اعزاز حاصل تھا، جبکہ وہ ججز بحالی تحریک میں بھی پیش پیش رہیں۔
2007 میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد عاصمہ جہانگیر کو گھر میں نظربند کیا گیا لیکن اس کے باوجود وہ خاموش نہ بیٹھیں اور اس وقت کے صدر پروز مشرف کے فیصلے کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
عاصمہ جہانگیر کو 2010 میں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا جب کہ 1995 میں انہیں مارٹن انل ایوارڈ، ریمن میکسیسے ایوارڈ، 2002 میں لیو ایٹنگر ایوارڈ اور 2010 میں فور فریڈم ایوارڈ سے نوازا گیا۔
عاصمہ جہانگیر آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کے مقدمے میں بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں اور آخری مرتبہ انہوں نے 9 فروری کو عدالت کے روبرو پیش ہوکر دلائل دیے، تاہم اس کے بعد انہیں قدرت نے مہلت نہ دی اور 11 فروری کو وہ خالق حقیقی سے جاملیں۔
سری دیوی (وفات 25 فروری 2018)
بالی وڈ اداکارہ سری دیوی کی اچانک موت نے مداحوں کو صدمے سے دوچار کردیا تھا—۔فائل فوٹو
بالی وڈ کی نامور اداکارہ سری دیوی 25 فروری 2018 کو اس جہان فانی سے کوچ کرگئیں۔
سری دیوی 13 اگست 1963 کو پیدا ہوئیں، انہوں نے 4 سال کی عمر میں فلم نگری میں قدم رکھا اور 1975 میں فلم ’جولی‘ میں معاون اداکارہ کے طور پر بالی وڈ میں کیریئر کا آغاز کیا۔
1978 میں فلم 'سولہواں ساون' میں انہوں نے مرکزی کردار کیا اور اگلی ہی فلم 'ہمت والا' سے مقبول ہوگئیں، فلم 'صدمہ' میں سری دیوی کےکردار کو ان کی بہترین پرفارمنس قرار دیا جاتا ہے۔
نٹ کھٹ اداؤں اور چمکتی آنکھوں والی سری دیوی نے اپنی اداکاری سے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا۔ چارلی چیپلن کی نقل ہو یا ناگن کا روپ، سری دیوی نے ہر کردار ایسا نبھایا کہ امر ہوگیا۔
سری دیوی کو 5 بار 'فلم فیئر' ایوارڈ اور 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے ایوارڈ 'پدم شری' سے بھی نوازا گیا۔
سری دیوی نے 300 سے زائد تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، ان کی شہرہ آفاق فلموں میں ’مسٹر انڈیا‘، ’چاندنی‘، ’ناگن‘، ’لمحے‘، ’وقت کی آواز‘ اور ’خدا گواہ‘ شامل ہیں۔
اسٹیفن ہاکنگ (وفات 14 مارچ 2018)
 اسٹیفن ہاکنگ کو آئن اسٹائن کے بعد دوسرا سب سے بڑا اور باصلاحیت سائنس دان سمجھا جاتا تھا—۔فائل فوٹو
ممتاز برطانوی سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ رواں برس 14 مارچ کو 76 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
جنوری 1942 میں پیدا ہونے والے اسٹیفن ہاکنگ نے 1959 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کالج میں داخلہ لیا اور تین سال وہاں تعلیم حاصل کی جس کے بعد کیمبرج یونیورسٹی سے نیچرل سائنس میں ڈگری حاصل کی۔
جس زمانے میں اسٹیفن ہاکنگ طبیعات میں گریجویشن کر رہے تھے، اُس وقت فزکس کے ماہرین زمین کے ارتقا سے متعلق مختلف خیالات پیش کر رہے تھے جب کہ 'بگ بینگ' اور 'اسٹیڈی اسٹیٹ' جیسی تھیوریز کو خاصی مقبولیت حاصل تھی جس کے بعد اسٹیفن ہاکنگ نے بھی 1965 میں زمین کے ارتقا پر ایک مقالہ لکھا جسے بہت پذیرائی ملی۔
1966 میں اسٹیفن کو ریسرچ فیلوشپ ملی اور انہوں نے اپلائیڈ میتھامیٹکس اور تھیوریٹکل فزکس میں پی ایچ ڈی کی۔
اسٹیفن گزشتہ 4 دہائیوں سے زائد عرصے سے پیچیدہ بیماری میں مبتلا تھے اور ویل چیئر پر بیٹھ کر سائنسی میدان میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
بلیک ہولز، نظریہ اضافیت پر انقلابی تحقیقاتی مقالے لکھنے پر اسٹیفن ہاکنگ کو آئن اسٹائن کے بعد دوسرا سب سے بڑا اور باصلاحیت سائنس دان سمجھا جاتا تھا، ان کا زیادہ تر کام بلیک ہولز اور تھیوریٹیکل کاسمولوجی کے میدان میں ہے۔
اسٹیفن کی طویل عمر جسمانی معذوری میں گزری جس کی وجہ سے وہ نہ ہی بول سکتے تھے اور نہ ہی چل پھر سکتے تھے لیکن دماغی طور پر مکمل صحت مند تھے۔
اسٹیفن اپنے خیالات دوسروں تک پہنچانے اور اسے منتقل کرنے کے لیے ایک خاص کمپیوٹر کا استعمال کرتے تھے جو ان کی پلکوں کے اشاروں کو الفاظ دے کر بات سمجھانے کا کام کرتا تھا۔
گزشتہ برس برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کی جانب سے اسٹیفن ہاکنگ کے 1966ء میں کیے گئے پی ایچ ڈی کا مقالہ جاری کیا گیا جس نے چند ہی روز میں مطالعے کا ریکارڈ توڑا۔
اسٹیفن کے مقالے کو چند روز کے دوران 20 لاکھ سے زائد مرتبہ پڑھا گیا اور 5 لاکھ سے زائد لوگوں نے اسے ڈاؤن لوڈ کیا۔
اسٹیفن ہاکنگ کی کتاب 'بریف ہسٹری آف ٹائم' ایک شہرہ آفاق کتاب ہے جس کی ایک کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔
باربرا بش (وفات 18 اپریل 2018)
باربرا بش واحد خاتون بھی تھیں، جن کے شوہر اور بیٹے امریکی صدور رہے—۔فائل فوٹو
امریکا کی سابق خاتون اول اور جارج بش سینئر کی اہلیہ باربرا بش رواں برس 18 اپریل کو 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
باربرا واحد خاتون بھی تھیں، جن کے شوہر اور بیٹے امریکی صدور رہے۔
باربرا بش 1989 سے 1993 تک خاتون اول رہیں۔ ان کی صحت ایک عرصے سے خراب تھی اور انھوں نے زندگی کے آخری دنوں میں علاج کرانے سے انکار کر دیا تھا۔
وہ شہری حقوق کی بڑی علمبردار تھیں جبکہ خواتین کے اسقاط حمل کے حق میں اورخواندگی کی مہم چلانے کے حوالے سے بھی ان کی بے شمار خدمات ہیں۔
اٹل بہاری واجپائی (وفات 16 اگست 2018)
 اٹل بہاری واجپائی نے 1999 میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا—۔فائل فوٹو
بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی 16 اگست 2018 کو 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
حکومت پاکستان کی دعوت پر اٹل بہاری واجپائی نے 1999 میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔
اٹل بہاری واجپائی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے دوران خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تاریخی معاہدہ بھی طے ہوا تھا جسے ’معاہدہ لاہور‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
اٹل بہاری واجپائی نے دورہ پاکستان کے دوران مینار پاکستان، مزار اقبال، گوردوارہ ڈیرہ صاحب اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سمادھی کا دورہ بھی کیا تھا۔
کوفی عنان (18 اگست 2018)
کوفی عنان وہ پہلے افریقی سیاہ فام تھے جنہوں نے دنیا کے بڑے سیاستدانوں میں اپنی جگہ بنائی—۔فائل فوٹو
اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل اور نوبیل انعام یافتہ کوفی عنان 18 اگست 2018 کو 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
کوفی عنان نے جینیوا انسٹیٹیوٹ سے بین الاقوامی تعلقات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی، جس کے بعد 1962 میں انہوں نے اقوام متحدہ میں شمولیت حاصل کی۔
کوفی عنان انسانی حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں امن کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔
کوفی عنان وہ پہلے افریقی سیاہ فام تھے جنہوں نے دنیا کے بڑے سیاستدانوں میں اپنی جگہ بنائی اور جنوری 1997 سے دسمبر 2006 تک اقوام متحدہ کے ساتویں سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نائب کے طور پر شام میں امن اور تنازعات کے حل کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔
کوفی عنان نیلسن منڈیلا کی بنائی گئی تنظیم 'دی ایلڈرز' کے چیئرمین جبکہ 'کوفی عنان فاؤنڈیشن' کے سربراہ بھی تھے۔
انہیں اقوام متحدہ کی جانب سے دنیا میں امن و استحکام کے لیے خدمات انجام دینے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے پر 2001 میں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔
جان مک کین (26 اگست 2018)
جان مک کین 2017 سے دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے—۔فائل فوٹو
امریکی ری پبلکن سینیٹر جان مک کین 26 اگست 2018 کو 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
جان مک کین 2017 سے دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے۔
ایری زونا سے تعلق رکھنے والے جان مک کین نے 2008 میں صدارتی الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہو سکے ، وہ 30 سال تک امریکی سینیٹ کے رکن رہے اور انہیں 6 بار امریکی سینیٹر منتخب ہونے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔
جان مک کین امریکی فضائیہ کے پائلٹ تھے اور ویت نام میں جنگی قیدی بھی رہے۔
جارج بش سینئر (وفات یکم دسمبر 2018)
جارج بش سینئر امریکا کے 41 ویں صدر رہے—۔فائل فوٹو
سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش (جارج بش سینئر) رواں برس یکم دسمبر کو 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
جارج بش سینئر امریکا کے 41 ویں صدر رہ چکے تھے۔ وہ 1989 سے 1993 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ان کے صاحبزادے جارج ڈبلیو بش نے بھی 42 ویں امریکی صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں۔
بش سینئر اس سے قبل 1981 سے 1989 تک صدر رونالڈ ریگن کے نائب بھی رہ چکے تھے۔
1976 تا 1977 میں جارج بش سینئر سینٹرل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہے جبکہ 1971 تا 1973 تک انہوں نے اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے فرائض انجام دیئے۔
جارج بش سینئر نے 4 دہائیوں سے جاری سرد جنگ کے خاتمے میں اہم کردار کے ساتھ ساتھ سویت یونین کے ٹوٹنے پر ایٹمی خطرات کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کویت سے عراق کو نکالنے کے لیے عالمی اتحاد بھی بنایا تھا۔