علی بابا پر سنگلز ڈے سیل: چینی کمپنی علی بابا پر ایک گھنٹے میں 14 ارب ڈالر کی خرید و فروخت

چینی کمپنی علی بابا کی منعقد کردہ ’دنیا کی سب سے بڑی سیل‘ کے دن پہلے ہی منٹ میں ایک ارب ڈالر کی مصنوعات فروخت ہوئیں جو کہ کمپنی کے مطابق گذشتہ سال کے ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے۔
سالانہ ’سِنگلز ڈے‘ کے عنوان سے منعقد کی جانے والی اس سیل کے پہلے گھنٹے میں کُل 100 ارب یوآن (14 ارب ڈالر، 11 ارب پاؤنڈ) کی خرید و فروخت ہوئی۔
امریکی پاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے 24 گھنٹے جاری رہنے والے اس شاپنگ میلے کا افتتاح کیا۔
علی بابا کے بانی جیک ما کی کمپنی سے رخصتی کے بعد یہ کمپنی کا پہلا سنگلز ڈے ہے۔
اس سال کے آغاز میں جب جیک ما نے اعلان کیا کہ وہ فلاحی کاموں اور تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں، تو ڈینیئل ژینگ نے کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین کے طور پر ان کی جگہ لے لی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
علی بابا کا کہنا تھا کہ سنگلز ڈے پر خریداری شروع ہونے کے پہلے ہی منٹ میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سیل ہوئی۔
کمپنی کے مطابق 100 ارب یوآن کی حد گذشتہ سال کے مقابلے میں 40 منٹ پہلے پار کر لی گئی تھی۔
چنانچہ علی بابا اس شاپنگ ایونٹ کے دوران سیل کے کل حجم کا تازہ ترین ریکارڈ قائم کرنے کی راہ پر ہے، جو کہ گذشتہ سال 30.8 ارب ڈالر تھا۔
فیوچرم ریسرچ نامی ادارے میں ٹیکنالوجی تجزیہ کار ڈینیئل نیومین کہتے ہیں کہ 'پہلے گھنٹے کو دیکھتے ہوئے مجھے بہت حیرانی ہوگی اگر یہ 32 ارب ڈالر سے اوپر نہ جائے۔'
علی بابا، سنگلز ڈے، چین، شاپنگ،تصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGES
Image captionپاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے 24 گھنٹے جاری رہنے والے اس شاپنگ میلے کا افتتاح کیا

سنگلز ڈے کیا ہے؟

علی بابا نے یہ دن ان لوگوں کے لیے منانا شروع کیا جو کسی رومانوی تعلق میں نہیں ہیں، چنانچہ اسے رومانوی تعلق کے دن ویلنٹائنز ڈے کا حریف سمجھا جاتا ہے۔
اب یہ دنیا کا سب سے بڑا آن لائن ایونٹ ہے اور اس کی گذشتہ سال کا بزنس بلیک فرائیڈے اور سائبر منڈے کی مجموعی بزنس سے بھی تجاوز کر گیا تھا۔
اس ایونٹ سے پہلے خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ چین اور امریکہ کے درمیان جاری تناؤ کی وجہ سے شاید کچھ چینی صارفین امریکی برینڈز سے خریداری نہ کرنا چاہیں۔
دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتیں ایک تجارتی جنگ لڑ رہی ہیں جس کے دوران دونوں نے ہی ایک دوسرے سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر اربوں ڈالر کے ٹیکس عائد کیے ہیں۔
اس تجارتی جنگ نے چین کی کساد بازاری سے نمٹ رہی معیشت کے لیے مشکلات کھڑی کی ہیں۔
سنگلز ڈے کو چین میں خریداروں کے جذبات کا عکاس تصور کیا جاتا ہے کہ خریدار کس طرح خرچ کرنا چاہتے ہیں۔
علی بابا، سنگلز ڈے، چین، شاپنگ،تصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGES
Image captionعلی بابا کے عالمی شاپنگ فیسٹیول کے سلسلے میں لوگ لائیو سٹریمنگ کے ذریعے اپنی مصنوعات فروخت کر رہے ہیں

’ہانگ کانگ پر نظریں‘

پچھلے چند برسوں میں علی بابا ایک آن لائن مارکیٹ سے بڑھ کر دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی بن چکی ہے جو اب مالیاتی خدمات سے لے کر مصنوعی ذہانت تک کے میدانوں میں ہے۔
چین کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک اس کمپنی کی قدر فوربز میگزین کے مطابق 480 ارب ڈالر ہے۔ علی بابا کا کہنا ہے کہ وہ ہانگ کانگ میں سٹاک مارکیٹ میں اپنے اندراج کے لیے کوشاں ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکہ میں پہلے ہی سٹاک مارکیٹس میں درج یہ کمپنی ممکنہ طور پر رواں ہفتے ہی ہانگ کانگ میں کئی ارب ڈالر کے شیئرز کے ساتھ اندراج کے اپنے منصوبے کا اعلان کرے گی۔
کالم اور بلاگز واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیےبلاگ کا گروپ جوائن کریں۔