اترپردیش: ایودھیا میں خاتون بینک افسر کی مبینہ خودکشی، لاش کے پاس ملے نوٹ میں پولیس افسر کا نام

 

انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیا سے سنیچر کے روز ایک خاتون بینک افسر کی لاش ملی ہے۔ خاتون کی لاش اسی گھر سے برآمد ہوئی ہے، جس میں وہ کرائے پر رہ رہی تھیں۔

ایودھیا کے ایس ایس پی شیلیش پانڈے نے بتایا ہے کہ ’خاتون جو بینک میں کام کرتی تھیں، اپنے کرائے کے کمرے کا دروازہ نہیں کھول رہی تھیں۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ خاتون کے گھر والے بھی وہاں پہنچ گئے۔‘

ایس ایس پی پانڈے کے مطابق ’جب پولیس ویڈیو گرافی کرتے ہوئے اندر داخل ہوئی تو خاتون کی لاش دوپٹے سے لٹکی ہوئی ملی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔‘

شیلیش پانڈے کے مطابق جائے وقوعہ سے انھیں خودکشی سے متعلق ایک نوٹ بھی ملا۔

اس نوٹ کے بارے میں ایس ایس پی پانڈے نے کہا کہ ’پولیس نے اس نوٹ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس کی جانچ کی جائے گی۔ اس میں کچھ نام ہیں، جن کے بارے میں تفتیش کی جائے گی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’تحقیقات کے بعد جو بھی حقائق سامنے آئیں گے، کارروائی اس کے مطابق ہی کی جائے گی۔ لاش لٹکتی ہوئی ملی ہے اس لیے موت کی وجہ پوسٹ مارٹم سے ہی معلوم ہو سکے گی اور تب ہی معاملات مزید واضح ہوں گے۔‘

یہ بھی پڑھیے

دوسری جانب خودکشی کرنے والی خاتون کے ایک رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ ’ہمیں مکان مالک کے ذریعے اطلاع ملی، ہم لکھنؤ سے یہاں کے لیے روانہ ہوئے۔ جب ہم یہاں پہنچے تو مقامی پولیس پہنچ چکی تھی۔ اس کے بعد یہ خودکشی کا نوٹ دیکھا گیا، جس میں پولیس کے محکمے کے لوگوں کے نام ہیں۔‘

خاتون کے اس رشتہ دار کے مطابق یہ موت مشکوک حالات کی نشاندہی کر رہی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ خاتون کی ’دونوں ٹانگیں مڑی ہوئی تھیں۔ وہ کرسی پر بیٹھی تھیں اور چھت زیادہ اونچی نہیں۔‘

لاش کا پوسٹ مارٹم ڈسٹرکٹ ہسپتال میں کیا جا رہا ہے اور ایک خاتون ڈاکٹر کو بھی پینل میں شامل کیا گیا ہے۔

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ’اس معاملے میں آئی پی ایس افسر کا نام آنا، بہت سنگین معاملہ ہے اور اس کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات ہونی چاہیے۔

وہیں کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار نے اس معاملے پر یوگی حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’قصورواروں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا بلکہ وہ فرار ہو جائیں گے۔‘