ژاؤمی: 108 میگا پکسل کیمرے والا نیا سمارٹ فون مارکیٹ میں پیش، فون کی قیمت 400 ڈالر مقرر


چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ژاؤمی نے ایک نیا فون متعارف کروایا ہے جس کا کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے اور اس کے نتیجے میں یہ دنیا کا سب سے طاقتور کیمرا فون بن گیا ہے۔
'می سی سی نائن پرو پریمئیم' (Mi CC9 Pro Premium) کے نام سے متعارف کروائے گئے فون کی قیمت تقریباً چار سو ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
اس فون میں لگائے گئے کیمرے کا سینسر کورین کمپنی سام سنگ کا بنایا ہوا ہے لیکن حیران کن طور پر انھوں نے یہ اپنے تیار کردہ فونز میں متعارف نہیں کرایا ہے۔
ژاؤمی کا کہنا ہے کہ اتنے طاقتور کیمرے کی مدد سے فون کے صارف انتہائی واضح تصاویر لے سکیں گے جس کی مدد سے تصویر لی جانے والی چیز کی جزیات بھی واضح ہوں گی۔'

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

ریسرچ کمپنی کنالس کے مطابق ژاؤمی دنیا میں سمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں میں چوتھے نمبر پر ہے اور عالمی سمارٹ فون مارکیٹ میں نو فیصد حصہ ان کا ہے۔
ان کے فونز کی فروخت یورپ میں تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اگلے برس وہ جاپان میں بھی اپنے فون کی فروخت شروع کرے گی۔


سمارٹ فونتصویر کے کاپی رائٹژاؤمی

ڈیجیٹل کیمرے سے فون کیمرے کا سفر

اب تک سو میگا پکسل سے زیادہ والے سینسر صرف درمیانی سائز کے ڈیجیٹل کیمروں میں لگائے جاتے تھے اور ان کی قیمت اکثر ہزاروں پاؤنڈ سے بھی زیادہ ہوتی تھی۔
لیکن اگر ایک سمارٹ فون میں ایسے سینسر لگائے جائیں تو اس بات کا خطرہ ہو سکتا ہے کہ فون کی چھوٹے سائز کی وجہ سے اس میں لگائے گئے مختلف پرزوں سے پیدا ہونے والا برقی عمل ایک دوسرے پر اثرانداز ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے کھینچی گئی تصویر کا معیار خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
مزید یہ کہ اتنے چھوٹے پکسل ہونے کی وجہ سے انھوں ایک بہت کم جگہ میں رکھا جاتا ہے اور اس کی وجہ سے مدھم روشنی میں اچھی تصویر لینا کافی دشوار ہوتا ہے۔
لیکن سام سنگ کے تیار کردہ اس نئے سینسر میں ایسا نہیں ہے۔ انھوں نے اس سینسر کی تیاری میں سب سے اہم جدت یہ پیش کی ہے کہ پکسلز کو چار چار کے سیٹ میں رکھا ہے اور ہر سیٹ میں لال، سبز اور نیلے رنگ کی روشنی کو پہچاننے کی صلاحیت دی ہے۔
اس جدت کی مدد سے لی گئی تصویر 27 میگا پکسل کی ہوتی ہے۔ البتہ اگر روشنی زیادہ ہو تو صارف فون کے سافٹ ویئر میں دی گئی صلاحیت کی مدد سے 108 میگا پکسل کی تصویر لے سکتے ہیں۔
اس سافٹ ویئر کی مدد سے سینسر میں موجود پکسلز کو مختلف انداز میں ترتیب دیا جاتا ہے۔
مگر یہ ڈیزائن خامیوں سے پاک نہیں ہے۔ سمارٹ فونز کا تجزیہ کرنے والی ویب سائٹ ڈی ایک او مارک کے مطابق فون سے لی گئی تصاویر میں اتنی تفصیل نہیں سامنے آئیں جتنی کی توقع تھی، بالخصوص سائے میں لی گئی تصاویر کا معیار دوسرے سمارٹ فونز کے مقابلے میں اچھا نہ تھا۔
صارفین کو مزید اس بات کا بھی خیال رکھنا ہوگا کہ 108 میگا پکسل پر لی گئی تصویر کا حجم بھی کافی زیادہ ہوگا اور اسے تیار کرنے میں فون کو زیادہ بیٹری صرف کرنی پڑے گی۔


فونتصویر کے کاپی رائٹژاؤمی

لیکن دوسری جانب ویب سائٹ کے کیے گئے تجزیے کے مطابق 'می سی سی نائن پرو پریمئیم' میں لگائے گئے دیگر لینس کی مدد سے لی گئی تصاویر زبردست معیار کی تھیں۔
ستمبر میں ژاؤمی نے اعلان کیا کہ وہ اپنے فون 'می مکس الفا' (Mi Mix Alpha) میں یہ کیمرا متعارف کرائیں گے لیکن یاد رہے کہ یہ فون امیر طبقے کے لیے پیش کیا جائے گا اور اس کی متوقع قیمت 2800 ڈالر سے زیادہ ہوگی اور وہ دسمبر سے پہلے مارکیٹ میں پیش نہیں کیا جائے گا۔
سمارٹ فون انڈسٹری سے منسلک ایک تجزیہ کار، بین ووڈز ژاؤمی کے فون کے بارے میں کہتے ہیں کہ عام عوام کے لیے متعارف کرائے گئے 'می سی سی نائن پرو پریمئیم' میں اتنے طاقتور کیمرے کا ہونا اسے مارکیٹ میں خاص مقام دلائے گا۔
'موبائل فون بنانے والی کمپنیاں ہمیشہ یہ کوشش کرتی ہیں کہ وہ کوئی ایسی چیز پیش کر سکیں جو صارفین کو متحیر کر سکے اور اتنا طاقتور کیمرہ یہ کر سکتا ہے۔ اس کا یہ قطعی مطلب نہیں ہے کہ اس کی لی گئی تصاویر بہترین ہوں گی لیکن کئی صارفین یہی سمجھتے ہیں کہ زیادہ میگا پکسل کا مطلب ہے بہتر تصویریں۔'
کالم اور بلاگز واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیےبلاگ کا گروپ جوائن کریں۔