گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر اپنی غیر اخلاقی ویڈیوز وائرل ہونے پر سائبر کرائم سیل سے رابطہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق غیر اخلاقی ویڈیوز وائرل ہونے پر گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سائبر کرائم سیل کو درخواست دے دی ہے۔ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے درخواست میں سوشل میڈیا سے ویڈیوز ہٹانے کی استدعا کی جس کے بعد ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے گلوکارہ رابی پیرزادہ کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا کہ میری ذاتی تصاویر اور ویڈیوز میرے اُس سمارٹ فون میں موجود تھیں جو میں نے کچھ عرصہ پہلے فروخت کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں میں نے یہ موبائل فروخت کیا ان کے خلاف بھی درخواست دے دی ہے۔
خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے نیلم منیر کے آئٹم سانگ کا دفاع کرنے پر رابی پیرزادہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ ہم سب غلطیاں کرتے ہیں لیکن اس کا اعتراف کرنے سے نہیں گھبراتے یا اس طرح سے ان کی وضاحت نہیں کرتے۔
اس کے بعد ٹویٹر پر رابی پیرزادہ کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔