سیلفی کی خواہش، ماں اور 2 بچے جاں بحق





نئی دہلی: سیلفی لینے کی خواہش میں ماں اور 2 بچے دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ کے علاقے راگھاڑہ میں واقع ناگوارالی دریا کے قریب 30 سالہ خاتون اپنے 5  اور 6 سالہ بچے کے ساتھ پتھر پر کھڑی ہوکر سیلفی لینے کی کوشش کررہی تھیں کہ اس دوران اُن کا پاؤں پھسل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق خاتون نے دونوں بچے کو گود میں اٹھایا ہوا تھا اسی وجہ سے وہ سنبھل نہ سکیں اور سیدھا 30 فٹ گہرے پانی میں گر پڑیں، مذکورہ خاتون اور اُن کے بیٹے کو بچانے کی کوشش کی گئی مگر اُس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق ناگوارالی دریا کے پل پر ایک خاندان تفریح کی غرض سے پہنچا تو اُن میں موجود خاتون نے پہلے پل پر بیٹھ کر تصاویر بنائیں اور پھر بچوں کو لے کر خطرناک چٹان پر بیٹھ گئیں۔
اہل خانہ کے مطابق انہوں نے اس حرکت سے باز رہنے کی ہدایت کی اور ساتھ میں غصہ بھی کیا مگر مذکورہ خاتون نے آخری سیلفی کی ضد کرتے ہوئے پتھر پر کھڑے ہونے کی کوشش کی جس کے دوران وہ سیدھا پانی میں گر گئیں۔
خاتون کے ڈوبتے ہی اہل خانہ نے شور مچانا شروع کیا جس کے بعد تیراکوں نے تینوں افرا کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے اور ڈیڑھ گھنٹے بعد لاشیں نکالنے میں کامیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ حالیہ چند برسوں میں سیلفی لینے کا رواج بہت زور پکڑ چکا ہے، دفاتر، پارکوں، تفریحی مقامات اور پارٹیوں میں اب لوگ موبائل فون سے اکثر اپنی تصویریں بناتے نظر آتے ہیں اور سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا عام تفریح بن چکی ہے لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ عادت نفسیاتی اور ذہنی بیماریوں کا باعث بھی بن رہی ہیں۔
بشکریہ ARV NEWS