کیلی فورنیا: سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی ویب سائٹ
انسٹاگرام کے تکنیکی ماہرین سے غلطی سرزد ہوئی جس کے نتیجے میں ایک نیا فیچر
متعارف ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ
انسٹاگرام صارفین کو متاثر کرنے کے لیے نت نئے فیچرز متعارف کراتی ہے تاکہ انٹرنیٹ
کی دنیا میں راج کو برقرار رکھ سکے۔
انسٹاگرام نے گزشتہ تین ماہ کے دوران اپنے پلیٹ فارم کو بہتر
بنانے اور صارفین کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کےلیے مختلف اقدامات کیے اور فیچرز
متعارف بھی کروائے۔
انسٹاگرام کے مطابق تکنیکی ماہرین کی غلطی کے باعث ایپ میں ایک
بگ آیا جس کے نتیجے میں صارفین کو مشکلات پیش آئیں تاہم 18 گھنٹے کی انتھک محنت
کے بعد اس غلطی کو درست کردیاگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے صارفین کو پہلے تصاویر یا ویڈیو
دیکھنے کے لیے اسکرول کرنا ہوتا تھا تاہم بگ کے بعد انہیں نیچے جانے نہیں بلکہ
تصویر اسکرین سے دوسری طرف کرنا پڑ رہا تھا۔
جمعرات کے روز ہونے والی غلطی کے بعد نیوز فیڈ میں غلطی ہوئی،
جس پر صارفین نے انسٹاگرام کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور فوری طور پر اسے واپس
لینے کا مطالبہ کیا۔
ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر انسٹاگرام
مستقبل میں اپنے نیوز فیڈ کو اس طرح تبدیل کرنا چاہتا ہو مگر صارفین کے شدید ردعمل
کے بعد اب کمپنی ایسا تجربہ دوبارہ نہیں کرے گی۔