واٹس ایپ کا پکچر ان پکچر فیچر دنیا بھر میں متعارف

کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ نے اپنے وعدے کے مطابق اینڈائیڈ صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق موبائل فون کی معروف مسیجنگ ایپلیکشن واٹس ایپ کے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین موجود ہیں، رواں برس اکتوبر کے آخر تک جمع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق  پیغام رسانی کے ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی۔
کمپنی کی جانب سے صارفین کو سہولیات دینے اور آسانیاں فراہم کرنے کے لیے مختلف اوقات میں نت نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں۔
واٹس ایپ نے دو ماہ قبل ایک نئے فیچر ’پکچر ان پکچر موڈ‘ کی آزمائش شروع کی تھی جسے اب دنیا بھر میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا گیا۔
پی آئی پی کی مدد سے صارفین اب دوستوں کی طرف سے بھیجی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھ سکتے ہیں یعنی انہیں سب کچھ ویسے ہی نظر آئے گا اور پھر وہ اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔
اس فیچر کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام کے لنک سے بھیجی جانے والی ویڈیوز یا تصویر بھی ڈاؤن لوڈ کیے بغیر واضح نظر آئیں گی۔
علاوہ ازیں واٹس ایپ کی جانب سے گروپ کالنگ فیچر بھی متعارف کرایا گیا جس کو استعمال کرتے ہوئے بیک وقت چار دوست ایک ساتھ بات کرسکتے ہیں، ویڈیو یا آڈیو کال کرنے سے پہلے مطلوبہ دوستوں کے نمبروں کا انتخاب کرنا ہوگا۔