اگر آپ دن بھر کے تھکے ہوئے، ذہنی تناؤ کا شکار ہوں اور کسی مسئلے کا حل سوچنا چاہ رہے ہوں لیکن اس میں ناکام ہوں، تو ایسی کیا شے ہوسکتی ہے جو آپ کے دماغ کو ہلکا پھلکا کر کے تازہ دم کردے جس سے آپ نئے سرے سے منطقی انداز سے سوچنے کے قابل ہوجائیں؟
شاید آپ کا جواب ہو بھرپور نیند لینا، کوئی مزیدار چیز کھانا، یا ٹی وی دیکھنا؟ لیکن آپ کا جواب غلط ہے۔ درست جواب ہے غسل کرنا۔
ہم میں سے کئی افراد نے اس بات کا مشاہدہ کیا ہوگا کہ غسل کرنے کے بعد دماغ نہایت ہلکا پھلکا ہوجاتا ہے اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جب آپ کے دماغ میں مسئلوں کا بہترین حل اور نت نئے آئیڈیاز جنم لیتے ہیں۔
لیکن سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ ماہرین نے اس کی وجہ تلاش کرلی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غسل کرتے وقت ہمارا دماغ بند ہوجاتا ہے اور وقتی طور پر سوچنے سمجھنے کے کام سے آزاد ہوجاتا ہے۔
تھوڑی دیر بعد یہ پھر سے کام کرنے کی حالت میں آتا ہے اور اس وقت اس میں بھرپور توانائی ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ وہ وقت ہوتا ہے جب دماغ کو کسی کام پر لگانے کے لیے مجبور نہیں کرنا پڑتا۔ یہ خود بخود کام کرتا ہے اور پہلے سے زیادہ تخلیقی انداز میں اپنا کام سر انجام دیتا ہے۔