انٹرنیٹ پر فحش فلمیں دیکھنے کے لئے اب اپنی شناخت کروانا ہوگی

فحش فلموں کی ویب سائٹس پر اب تک تو ایک کلک کے ذریعے بالغ ہونے کی تصدیق کر لی جاتی تھی اور کوئی کم عمر شخص بھی باآسانی فحش مواد تک رسائی حاصل کر لیتا تھا لیکن اب برطانیہ میں لوگوں کو فحش فلمیں دیکھنے کے لیے اپنی مکمل شناخت فراہم کرنے کا قانون لاگو ہونے جا رہا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ نیا قانون آئندہ ماہ سے لاگو ہو گا جس کے بعد لوگوں کوانٹرنیٹ پر فحش فلمیں دیکھنے کے لیے اپنا ڈرائیورنگ لائسنس یا شناختی کارڈ دکھانا پڑے گا۔
ویب سائٹس اس شناختی دستاویز کے ذریعے صارف کی عمر کا تعین کرکے اسے فحش مواد تک رسائی دیں گی۔رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے کم عمر افراد کو فحش مواد سے دور رکھنے کی غرض سے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ صارفین اس مقصد کے لیے ایک ’تھرڈ پارٹی ویریفکیشن ایپ‘ بھی استعمال کر سکیں گے یا کسی بھی دکا ن سے ویریفکیشن کارڈ خرید سکیں گے جس کی قیمت 5 پاﺅنڈ (تقریباً 900روپے) رکھی گئی ہے۔ ان دونوں طریقوں میں تھری پارٹی ایپلی کیشن یا دکان دار کو پہلے اپنا ڈرائیونگ لائسنس یا شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔
ایگل ڈی کے ترجمان جیمز کلارک نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ”اس قانون پر عملدرآمد شروع ہونے کے بعد جب کوئی شخص فحش ویب سائٹس پر جائے گا تو فحش مواد تک رسائی سے پہلے ان سے ویریفکیشن کوڈ مانگا جائے گا۔ یہاں صارف دکان یا تھرڈ پارٹی ایپلی کیشن سے حاصل کردہ کوڈ داخل کرے گا۔ اس کے بغیر اسے ویب سائٹ پر موجود فحش مواد تک رسائی حاصل نہیں ہو گی۔اس مقصد کے لیے ہر فحش ویب سائٹ ایک ایسا پیج بنائے گی جس پر کوئی فحش مواد نہیں ہو گا۔ ابتدائی طور پر یہی پیج صارفین کے سامنے نمودار ہو گا اور اس پر کوڈ داخل کرنے کے بعد انہیں فحش مواد تک رسائی حاصل ہو گی۔“