تار کی جھنجھٹ سے چھٹکارا، وائرلس چارجر متعارف



نیویارک: امریکی کمپنی نے موبائل صارفین کو تار کی جھنجھٹ سے نجات دلانے کے لیے ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب بپا کرتے ہوئے وائرلس چارجر متعارف کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والے سالانہ کنزیومر الیکٹرونکس شو کے دوران نت نئی سائنسی ایجادات سامنے آئیں جنہیں دیکھ کر واقعی انسانی عقل دنگ رہ گئی۔
شو میں شرکت کرنے والی سیکڑوں کمپنیاں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک سائنسی ایجادات متعارف کروارہی ہیں جس کا مقصد انسانی زندگی کو مزید آسان بنانا ہے۔
اڑنے والی ٹیکسی، موٹرسائیکل، جدید ٹوائلٹ اور فنگر پرنٹ والے موبائل تو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہی تھے کہ امریکی کمپنی نے بھی اپنی جدید پروڈکٹ متعارف کرواکے لوگوں کی توجہ اپنی جانب کرلی۔
اوٹائی نامی کمپنی کی جانب سے ایسا جدید چارجر متعارف کروایا گیا جو گھر کی لائٹوں میں آسانی نصب ہوکر موبائل، پلے اسٹیشن یا لیپ ٹاپ کو بغیر کسی تار لگائے چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے دو وائرلس چارجر متعارف کروائے گئے جن میں سے ایک اعلیٰ کوالٹی کا حامل ہے اور یہ 80 فٹ تک کے فاصلے پر چارجنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ دوسرا 10 فٹ کے فاصلے تک چارجنگ کرتا ہے۔
اس جدید پروڈکٹ کو ’وائی چارجر‘ کا نام دیا گیا ہے جسے لائٹ میں آسانی سے نصب کیا جائے گا اور ساتھ میں ایک چھوٹی ڈیوائس بھی دی جائے گی، صارف چارجنگ کی ضرورت پڑھنے پر اس ڈیوائس کو آن کرے گا جس کے بعد موبائل میں خود بہ خود چارجنگ اسٹارٹ ہوجائے گی۔
بشکریہ ARY NEWS