ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے اسپتالوں میں قبل از وقت پیدا ہوجانے والے (پری میچور) بچوں کے لیے ماں کے رحم سے مشابہہ انکیوبیٹر متعارف کروا دیے گئے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے ان انکیو بیٹرز کے لیے امریکی شہر فلاڈلفیا کے چلڈرن اسپتال نے معاونت کی ہے۔
عرب امارات کے ہاسپٹل سیکٹر کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری ڈاکٹر یوسف محمد کا کہنا ہے کہ یہ انکیو بیٹر قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ان کا کہنا ہے قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے عمر بھر مختلف طبی پیچیدگیوں کا شکار رہتے ہیں، یہ انکیو بیٹر ان مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے دماغ یا پھیپھڑوں کو پیدائش کے بعد ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے اور یہ انکیو بیٹر اس سے محفوظ رکھیں گے۔
خیال رہے کہ پری میچور بچے اپنے نارمل ٹائم سے پہلے پیدا ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے جسم کے اہم عضو صحیح طرح سے نشوونما نہیں کر پاتے۔ یہ بچے کمزور یا پھر کسی جسمانی معذوری کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔
دنیا بھر میں ہر سال پری میچور پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پری میچور بچوں کی پیدائش کی وجہ ماں کا وزن بہت کم یا بہت زیادہ ہونا، حمل کے دوران ذیابیطس یا بلڈ پریشر کا شکار ہونا، تمباکو اور شراب نوشی اور حاملہ ماں کی صحیح نگہداشت نہ ہونا ہیں۔