سوشل میڈیا: ٹوئٹر نے غیرملکی شہریوں کو پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی پر کیوں ٹوکا؟

ٹوئٹر
جب کینیڈین کالم نگار انتھونی فیوری کو سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں لکھا تھا کہ انھوں نے پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، انھوں نے اسے ’سپیم میل‘ سمجھ کر رد کر دیا۔
لیکن جب انھوں نے گوگل پر تعزیراتِ پاکستان کا مطالعہ کیا تو انھیں معلوم ہوا کہ وہ توہینِ مذہب کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔
ان کا جرم؟ انھوں نے کئی سال پہلے پیغمبرِ اسلام کے کارٹون اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے تھے۔
انتھونی فیوری کا پاکستان سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، لیکن پھر بھی کینیڈین جریدے ’ٹورنٹو سن‘ کے صحافی کو یہ ای میل موصول ہوئی۔

ان کے مطابق ٹوئٹر کا یہ فعل ان کی آزادی اظہار کو سلب کرنے کی کوشش ہے، لیکن ٹوئٹر اس بات سے انکاری ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ کے مطابق ایسے صارفین کو قانونی نوٹس ’ایک مستند ادارے کی جانب سے جائز درخواستیں‘ موصول ہونے کے بعد بھیجے گئے۔

The Pakistan government says one of my old tweets violated a crime that comes with the death penalty - and Twitter is acting as its messenger:https://torontosun.com/opinion/columnists/furey-the-pakistan-government-doesnt-like-one-of-my-old-tweets-and-twitter-passed-along-the-message 


@anthonyfurey کی ٹوئٹر پر پوسٹ سے آگے جائیں
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے فیوری نے کہا: ’میں نے ٹوئٹر کے حکام سے اس ای میل کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ پیغام محض آپ کی اطلاع کے لیے بھیجا ہے تاکہ آپ کو معلوم ہو کہ آپ کے خلاف شکایت موصول ہوئی ہے۔ انھوں نے کسی قسم کی قانونی توجیہ پیش نہیں کی کہ اس کا مجھ پر کیا اثر پڑے گا۔
انتھونی فیوری کے علاوہ ایسے ہی نوٹس سعودی نژاد انسانی حقوق کی کارکن انصاف حیدر اور ایران سے تعلق رکھنے والے آسٹریلوی امام محمد توحیدی کو بھی ملے ہیں۔
دونوں مذہبی شددت پسندی کے مخالف ہیں اور انھوں نے سوشل میڈیا کمپنی پر الزام لگایا ہے کہ وہ اسلام میں ترقی پسند سوچ کو دبانے میں مدد کر رہی ہے۔
ان تینوں میں سے سب سے دلچسپ کیس انصاف حیدر کا ہے، جو کہ سعودی بلاگر رائف بدوی کی بیوی ہیں۔


I'm not a Pakistani..

My mother is not a Pakistani..

I have not and will not visit Pakistan..

I've never cared about Pakistan..

After all of this Twitter and @jack tells me that I've broken Pakistani law!

@miss9afi کی ٹوئٹر پر پوسٹ سے آگے جائیں
ٹوئٹر پر بھی محفوظ نہیں ہوں
رائف بدوی کو سنہ 2012 میں اسلام کی توہین کرنے کا مجرم ٹھہراتے ہوئے جرمانہ کیا گیا اور کوڑے بھی مارے گئے۔
وہ اس وقت سعودی عرب میں قید ہیں، لیکن ان کی اہلیہ اپنے تین بچوں سمیت 2012 میں کینیڈا چلی گئی تھیں، جہاں سے وہ ان کی رہائی کے لیے مہم چلا رہی ہیں۔
انصاف حیدر
انصاف حیدر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میں ٹوئٹر کی اس حرکت پر حیران ہوں، وہ تو مجھے سچ بولنے سے روکنا چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق ٹوئٹر نے ان کو قانونی نوٹس ایک ایسی ٹویٹ پر بھیجا جس میں انھوں نے لکھا تھا: ’اگر آپ حجاب کی مخالفت کرتے ہیں تو اس پیغام کو ریٹویٹ کریں۔
ٹوئٹر نے اپنے نوٹس میں انھیں یہ مشورہ بھی دیا کہ انھیں وکیل سے مشورہ کرنا چاہیے۔ لیکن بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
انھوں نے کہا: ’میں پاکستانی ہوں نہ ہی میری ماں پاکستانی ہے۔ میں نہ کبھی پاکستان گئی ہوں، نہ جاؤں گی۔
ٹوئٹر کے کردار کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ وہ اب سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھتیں۔ ’اگر میرے ساتھ ایسا دوبارہ ہوا تو مجھے اتنی حیرانی نہیں ہوگی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اس واقعے سے ان کی مہم پر کوئی اثر پڑا ہے تو انھوں نے کہا: ’کوئی فرق تو نہیں پڑا، لیکن اس سے ٹوئٹر کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ہے۔
محمد توحیدی کو ایسا ہی نوٹس تب موصول ہوا جب جنھوں نے ایک حملے کے بعد اپنی ایک ٹویٹ میں میلبرن شہر کی مسجدوں میں شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی طرف آسٹریلوی پولیس کی توجہ دلائی۔
جب انھیں ٹوئٹر کی طرف سے قانونی نوٹس آیا تو اس میں لکھا تھا کہ انھوں نے پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس پر انھوں نے ٹویٹ کیا: ’میں پاکستانی ہوں نہ ہی میرا تعلق پاکستان سے ہے۔
ٹوئٹر
ٹوئٹر کسی کا اکاؤنٹ کب بند کرتا ہے؟
جب ٹوئٹر سے پوچھا گیا کہ وہ کسی کا اکاؤنٹ کیوں بند کرتے ہیں تو ایک ترجمان نے بتایا: ’کئی ممالک میں ٹوئٹر پر موجود مواد کے حوالے سے قوانین موجود ہیں۔۔۔ اگر ہمیں کسی مستند ادارے کی طرف سے جائز درخواست موصول ہوتی ہے تو کبھی کبھار کسی ملک میں ایسے مواد تک رسائی بند بھی کرنی پڑ سکتی ہے۔ ایسی بندشیں ان علاقوں تک محدود ہوتی ہیں جہاں سے درخواست موصول ہوئی ہو یا جہاں کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہو۔
ذرائع کے مطابق ٹوئٹر کی پالیسی ہے کہ اگر ایک صارف کے خلاف کسی مستند ادارے کی طرف سے درخواست موصول ہو تو ٹوئٹر صرف اس ملک میں ایسے مواد تک رسائی بند کر دیتا ہے جہاں کے قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہو۔ اگر وہ مواد ٹوئٹر کے اپنے قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرتا تو باقی دنیا کے لیے وہ دستیاب رہے گا۔
اس سے قبل چند پاکستانی صارفین نے بھی ٹوئٹر کی طرف سے نوٹس موصول ہونے اور اکاؤنٹ بند ہونے کی شکایت کی تھی۔ ان لوگوں میں سماجی کارکن گل بخاری، بلاگر احمد وقاص گورایہ اور پیرس میں مقیم پاکستانی صحافی طحٰہ صدیقی بھی شامل ہیں۔




Twitter restricted tweets for many users.Our followers & friends from Pakistan complained about not being able to see our tweets on timeline.
The second notice I got from Twitter legal was even more ridiculous. It says my Twitter account is in violation of Pakistani laws.

@AWGoraya کی ٹوئٹر پر پوسٹ سے آگے جائیں
ان میں سے ایک صارف نے بی بی سی کو بتایا کہ اکاؤنٹ بند ہونے کے بعد ٹوئٹر نے ان سے رابطہ کر کے معافی مانگی اور کہا کہ ان کا اکاؤنٹ حفاظتی طور پر بند کیا گیا تھا، کیونکہ ٹوئٹر کو ان کے اکاؤنٹ پر حملے کا خدشہ تھا۔
کچھ ماہ قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے قابلِ اعتراض مواد نہ ہٹانے پر بھی ٹوئٹر کو بلاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔ خیال رہے کہ پیغمبر اسلام کے بارے میں ایک توہین آمیز فلم لگانے کے بعد سنہ 2010 سے 2016 تک ملک میں مشہور ویڈیو سائٹ یوٹیوب بھی بلاک رہی تھی۔
 بشکریہ بی بی سی اردو