اینڈروئڈ یا آئی فون: آپ کا فون آپ کی شخصیت کے بارے میں کیا کہتا ہے؟

تصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGESیہ شخصیات اور سمارٹ فونز کے انتخاب سے تعلق کے بارے میں پہلی ریسرچ ہے
ہمارا سمارٹ فون اب ہماری شخصیت کا حصہ بن چکا ہے۔ ہم میں سے کئی ایک دن میں پانچ سے زیادہ گھنٹے اس پر مصروف رہتے ہیں۔
لیکن یہ سمارٹ فونز ہمارے بارے میں کیا بتاتے ہیں کہ ہم کون ہیں؟
لینکاسٹر اور لنکن یونیورسٹیز نے تقریباً پانچ سو اینڈروئڈ اور آئی فونز استعمال کرنے والوں کی شخصیت کا مطالعہ کیا اور جاننے کی کوشش کی کہ ان کا اپنے فون کے ساتھ رویہ کیسا ہے۔
انھیں معلوم ہوا کہ ہمارے سمارٹ فونز ہماری شخصیت کے کچھ پہلوؤں کا انکشاف کرتے ہیں۔
مثال کے طور پر ریسرچرز کو معلوم ہوا کہ اینڈروئڈ فون استعمال کرنے والے آئی فون استعمال کرنے والوں سے زیادہ ’ایماندار‘ ہوتے ہیں۔
تاہم آئی فون استعمال کرنے والے اینڈروئڈ فون استعمال کرنے والوں کے نسبت کم عمر ہوتے ہیں اور زیادہ کھلے مزاج کے ہوتے ہیں۔
آئی فون
تصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGESامکان یہ ہے کہ آئی فون استعمال کرنے والی زیادہ تر خواتین ہیں
اس تحقیقی مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ خواتین مردوں کی نسبت آئی فون زیادہ پسند کرتی ہیں لیکن ان کی اس پسند کی وجہ نہیں جانی جاسکی۔
دوسری جانب اینڈروئڈ فون استعمال کرنے والے عموماً زیادہ عمر کے مرد ہیں۔
§         اینڈروئڈ فون اور آئی فون دنیا بھر میں کل فروخت ہونے والے فونز کا نوے فیصد ہیں۔
§         سنہ 2018 میں دنیا میں تمام سمارٹ فونز میں گوگل اینڈروئڈ فون کا آپریٹنگ سسٹم سب سے زیادہ مقبول رہا ہے۔
§         اینڈروئڈ فونز کی 88 فیصد مارکیٹ میں یہ آپریٹنگ سسٹم استعمال ہو رہا ہے۔
§         ایپل آئی او ایس کا سسٹم دوسرے نمبر پر آتا ہے لیکن اس کا مارکیٹ میں حصہ صرف بارہ فیصد ہے۔
لیکن سمارٹ فون کے انتخاب سے آپ کی شخصیت کے بارے میں معلومات کیسے ملتی ہیں؟
ریسرچرز کا کہنا ہے کہ ان سمارٹ فونز کے انتخاب سے ہر فرد اپنی سوچ پیش کر رہا ہوتا ہے۔
اس ریسرچ ٹیم کی شریک سربراہ ہائیدر شا کہتی ہیں کہ ’اب یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ سمارٹ فون استعمال کرنے والے کی شخصیت کا ایک منی ڈیجیٹل ورژن بنتا جا رہا ہے۔
ہم میں سے کئی لوگ اپنا فون کسی دوسرے کو استعمال نہیں کرنے دیتے ہیں کیونکہ انھیں خدشہ ہوتا ہے کہ ہمارے راز افشا نہ ہوجائیں۔
اس ریسرچ کے مطابق، آئی فون استعمال کرنے والے اینڈروئڈ فون استعمال کرنے والوں سے زیادہ آسودہ نہیں ہوتے ہیں، لیکن آئی فون استعمال کرنے والے اس بارے میں فکر مند رہتے ہیں کہ اسے سٹیٹس کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
یہ لوگ اپنی جذباتی کیفیت کو ظاہر کرنے کی جانب زیادہ مائل ہوتے ہیں۔
بعض افراد سمارٹ فون استعمال کر رہے ہیں
تصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGESریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ اینڈروئڈ فون استعمال کرنے والے آئی فونز کے استعمال کرنے والوں سے زیادہ ایماندار ہوتے ہیں
ان ریسرچرز نے اپنی معلومات کی مدد سے ریسرچ کے اگلے مرحلے میں ایک کمپیوٹر پروگرام بھی بنایا دیا جس کے ذریعے وہ کسی شخص کے بارے میں بتا سکتے ہیں کہ اسے کون سا سمارٹ فون پسند آئے گا۔
سی این ای ٹی سے بات کرتے ہوئے ایک ریسرچر ڈیوڈ ایلیس نے کہا کہ ’ہم اعداد و شمار کی بنیاد پر ایک ایسا ماڈل بنانے کے قابل ہو گئے ہیں جس کی بدولت ہم کسی سے چند سوالات کر کے یہ پیشن گوئی کرسکتے ہیں کہ اس کی جیب میں کون سا فون ہے۔
ایسے ماحول میں جب ڈیٹا پرائیویسی پر بحث سنجیدہ ہوتی جا رہی ہے، ایلیس اور ان کی ٹیم کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کے بارے میں اس کی نجی معلومات اس کے سمارٹ فون کے آپریٹنگ سسٹم کے انتخاب جیسی عام بات سے معلوم کی جا سکتی ہیں۔