بالی ووڈ فلموں کے معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی کے حق میں
نامور شخصیات نے آواز بلند کرتے ہوئے معاملے جنسی ہراساں کرنے کے الزامات پر
خاموشی توڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق چار روز قبل بھارتی میڈیا میں یہ خبریں سامنے
آئی تھیں کہ ہدایت پر معاون ساتھی ڈائریکٹر نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد
کیا اور دعویٰ کیا کہ راج کمار ہیرانی نے اُن کے ساتھ فلم سنجو کی شوٹنگ کے دوران
دو بار غیر اخلاقی حرکات کیں یا اُن کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کیا۔
راج کمار ہیرانی نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزام کو مسترد
کرتے ہوئے خاتون کے خلاف قانونی ایکشن لینے کا اعلان کیا تھا۔
بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف شخصیات بونی کپور، شرمان جوشی، دیا
مرزا، ارشد وارثی نے راج کمار ہیرانی کے حق میں آواز اٹھائی اور ان پر عائد ہونے
والے الزام کو یکسر مسترد کیا۔
نامور اسکرپٹ رائٹر نے بھی اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے
ہدایت کار کے حق میں آواز بلند کی اور انہیں ’انتہائی سنجیدہ‘ شخصیت قرار دیا۔
جاوید اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ
’میں نے 1965 سے انڈسٹری میں اپنے سفر کا آغاز کیا، اس دوران سیکڑوں شخصیات سے
ملاقات بھی ہوئی مگر میں ہیرانی کو سب سے زیادہ سنجیدہ اور اچھی شخصیت کا مالک
قرار دیتا ہوں‘۔
دوسری جانب منّا بھائی ایم بی بی ایس، لگے رہو منّا بھائی،
تھری ایڈیٹس، پی کے، سنجو جیسی نامور فلمیں بنانے والے 56 سالہ ہدایت کار نے گزشتہ
روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں الزامات کا سُن کر حیران رہ گیا تھا، یہ
باتیں میرے علم میں دو ماہ قبل آگئیں تھیں جس کے بعد میں نے یہ مشورہ دیا کہ ایسے
الزامات کو میڈیا پر لانا بہت ضروری ہے کیونکہ میں بے قصور ہوں اور کسی کا خوف بھی
نہیں ہے’۔