سنی لیونی نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ارجن پٹیالہ میں اپنا موبائل فون نمبر بتایا۔ اس موبائل فون نمبر نے دہلی کے ایک کاروباری شخص کی زندگی عذاب کر دی ہے۔
فلم ارجن پٹیالہ کے شروع میں ہی سنی لیونی نے مختصر سا کردار نبھایا ہے۔ سین کچھ یوں ہے کہ سنی لیونی تھانیدار ارجن پٹیالہ (دلجیت دسانج) کو شکایت درج کرانے آتی ہیں اور انہیں بول کر اپنا نمبر بتاتی ہیں۔ سنی لیونی کی جانب سے ایسے ہی ایک رینڈم نمبر بتایا گیا تھا لیکن فلم کے ڈائریکٹر، مصنف اور خود سنی لیونی نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ یہ فرضی نمبر حقیقت میں بھی کسی کا نمبر ہوسکتا ہے اور لوگ اس فون نمبر پر اس سنجیدگی سے توجہ دیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنی لیونی نے جو نمبر بتایا تھا وہ درحقیقت دلی کے علاقے موریہ انکلیو کے رہنے والے پنیت اگروال کا ہے جو ایک نجی کمپنی میں سینئر ایگزیکٹو ہے۔ جب سے اس کا فون نمبر سنی لیونی کی زبان سے ادا ہوا ہے، تب سے پنیت کو اپنے موبائل فون پر فحش پیغامات اور کالز موصول ہورہی ہیں۔
سنی لیونی کی اس ادا سے متاثرہ شخص پنیت اگروال کا کہنا ہے کہ جب وہ کسی سے بھی نمبر کے بارے میں پوچھتے ہیں تو انہیں یہی جواب ملتا ہے کہ فلم میں سنی لیونی نے یہ نمبر دیا تھا۔ ٹیلی فون کالز اور فحش پیغامات سے تنگ آئے پنیت نے اداکارہ کے خلاف تھانے میں شکایت درج کرادی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ فلم میں بغیر اجازت کسی کا نمبر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔