یو ٹیوب سے 22 ملین ڈالر کمانے والا آٹھ سالہ بچہ

رائن
فوربز میگزین کے تجزیے کے مطابق ’رائن ٹوئز ریویو‘ کے رائن یو ٹیوب کے ذریعے کمائی کرنے والوں میں سب سے آگے نکل گئے ہیں۔
رائن نے اس سال جون تک گزشتہ بارہ ماہ میں 22 ملین ڈالر کمائے جو دوسرے نمبر پر آنے والے جیک پال سے پانچ لاکھ ڈالر زیادہ ہیں۔
رائن کی آمدن میں جس میں ٹیکس اور وکلا یا ایجنٹوں کی فیس شامل نہیں، گزشتہ ایک سال میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔
ٹی وی چینل ’این بی سی‘ نے جب رائن سے پوچھا کہ بچے ان کا چینل کیوں دیکھتے ہیں تو ان کا جواب تھا ’کیونکہ میں مزے کی اور مزاحیہ باتیں کرتا ہوں‘۔
رائن کے والدین کی طرف سے مارچ 2015 میں چینل شروع کرنے کے بعد سے اب تک ان کی وڈیوز 26 ارب بار دیکھی جا چکی ہیں اور ایک کروڑ تہتر لاکھ سے زیادہ لوگ انہیں فالو کرتے ہیں۔

یو ٹیوب پر زیادہ آمدن والے چینل
پوزیشن                نام                     دولت کا تخمینہ
1        Ryan ToysReview          $22m
2        Jake Paul                      $21.5m
3        Dude Perfect                   $20m
4        Daniel Middleton         $18.5m
5        Jeffree Star                      $18m
6        Markiplier                     $17.5m
7        Evan Fong                       $17m
8        Jacksepticeye                  $16m
9        PewDiePie                   $15.5m
10      Logan Paul                  $14.5m

وہ تقریباً ہر روز یو ٹیوب پر وڈیو شائع کرتے ہیں اور اتوار کو ’بلو جائنٹ مسٹری ایگ‘ کے بارے میں پوسٹ کی گئی ان کی وڈیو منگل تک دس لاکھ سے زیادہ بار دیکھی جا چکی تھی۔
تیسرے نمبر ’دی ڈوڈ پرفیکٹ‘ چینل ہے جس کی آمدن فوربز کے مطابق 20 ملین ڈالر ہے۔
فوربز کے مطابق 22 ملین ڈالر میں سے ایک ملین ڈالر تو ان اشتہارات کی آمدن ہے جو وڈیو شروع ہونے سے پہلے نظر آتے ہیں اور باقی آمدن سپانسرڈ پوسٹس سے ہوتی ہے۔
رائن اپنی وڈیوز میں کھلونے پیکنگ سے نکال کر ان پر سائنسی تجربے کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ ان سے علم کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے
رائن کی یو ٹیوب پر ایک فلم سے حاصل کی گئی تصویر

رائن کی کسی وڈیو میں نظر آنے والے کھلونے ہاتھوں ہاتھ بکتے ہیں۔ وال مارٹ نے اگست میں ’رائنز ورلڈ کے نام سے کھلونوں اور کپڑوں کی خصوصی رینج شروع کی۔ ایک وڈیو جس میں رائن اور ان کے والدین سٹور میں ان کے لیے کھلونا تلاش کر رہے ہیں تین ماہ میں ایک کروڑ چالیس لاکھ بار دیکھی جا چکی ہے۔
وال مارٹ کے ساتھ ڈیل کے نتیجے میں اگلے برس رائن کی آمدن میں بڑا اضافہ متوقع ہے۔ کم عمری کی وجہ سے رائن کی آمدن کا پندرہ فیصد ابھی ایک خصوصی اکاؤنٹ میں جمع ہوتا ہے جو انہیں قانونی طور پر بالغ ہونے کے بعد ملے گا۔
رائنز ٹوئز رویو گزشتہ برس یو ٹیوب پر آٹھویں نمبر پر تھا
یو ٹیوب پر رائن کی وڈیو فلم سے لی گئی تصویر

رائن اپنی فلموں میں اکیلے نہیں بلکہ ان کی جڑواں بہن بھی ان کے ساتھ ’رائنز فیملی رویو‘ نامی چینل میں شریک ہوتی ہیں۔
’دس بہترین سائنسی تجربات جو بچوں کے لیے گھر میں کیے جا سکتے ہیں‘ کے نام سے ایک وڈیو جس میں تین بچے شامل ہیں اب تک 26 ملین بار دیکھی جا چکی ہے۔
مائن کرافٹ گیمر ڈینیل مڈلٹن جو 2017 میں 16.5 ملین ڈالر کی آمدن کے ساتھ سر فہرست تھے اب چوتھے نمبر پر ہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو