سائنس یہ تو ثابت کر چکی ہے کہ مردوخواتین جنس مخالف کے جسم کی خوشبو میں بہت رغبت رکھتے ہیں اور اب سائنسدانوں نے اس سوال کا جواب بھی دے دیا ہے کہ کب خواتین کے جسم کی خوشبو مردوں کو سب سے زیادہ دلکش لگتی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ’جب خواتین اپنی افزائش نسل کی صلاحیت کے عروج پر ہوتی ہیں، تب ان کے بدن کی خوشبو مردوںکے لیے سب سے زیادہ پرکشش ہوتی ہے۔ یہ وقت خواتین کے ماہوار ایام مخصوصہ کا ہوتا ہے۔“
سوئٹزرلینڈ کی یونیورسٹی آف برن کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 28خواتین کے جسم کی خوشبو کے نمونے حاصل کیے۔ یہ مہینے کے مختلف دنوں میں حاصل کیے گئے۔ بعد ازاں 57مردوں کو ان نمونوں کو سونگھ کر ان میں جنسی کشش کے حوالے سے 0سے 100کے دوران نمبر دینے کو کہا گیا۔ مردوں نے جس خوشبو کے جن نمونوں کو سب سے زیادہ نمبر دیئے وہ خواتین کی ماہواری کے دوران لیے گئے تھے۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر جینک لوبمیئر کا کہنا تھا کہ ”ایام مخصوصہ میں خواتین کے جسم میں تولیدی ہارمونز کی پیداوار بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے اور یہی ہارمونز خواتین کے جسم کی خوشبو کو مردوں کے لیے زیادہ پرکشش بناتے ہیں۔ممکنہ طور پر انسان نے ارتقائی عمل سے گزر کر جنس مخالف کے بدن کی خوشبو میں کشش کا یہ عنصر اپنے اندر پیدا کیا ہے تاکہ وہ اپنے لیے ایسے شریک حیات کا انتخاب کر سکے جو افزائش نسل کی صلاحیت سے بھرپور ہو۔