ایلک بالڈون کے ہاتھوں ڈائریکٹر فوٹو گرافی کی ہلاکت: فلم ’رسٹ‘ کے سیٹ پر بندوق چلنے سے حادثاتی قتل

 

امریکی ریاست نیو میکسیکو میں ایک ہالی وڈ فلم ’رسٹ‘ کے سیٹ پر اداکار ایلک بالڈون نے حادثاتی طور پر فلم میں استعمال ہونے والی بندوق (پروپ گن) سے فائرنگ کر کے ایک خاتون کو ہلاک جبکہ ایک شخص کو زخمی کر دیا ہے۔

نیو میکسیکو کی پولیس کے مطابق اداکار بالڈون نے 19 ویں صدی کے ایک مغربی کردار ’رسٹ‘ پر عکس بندی کے دوران اس بندوق سے فائرنگ کی تھی۔

ان کی فائرنگ سے اس فلم کی ڈائریکٹر فوٹوگرافی ہیلینا ہچنز کو گولیاں لگیں انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔ اس فائرنگ میں زخمی ہونے والے فلم کے ڈائریکٹر کا ہنگامی بنیادوں پر علاج جاری ہے۔

اداکار بالڈون نے امریکی خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ بنا بارود کے گولیاں فائر کرنے میں غلطی سرزد ہوئی۔

42 برس کی ہیلینا ہچنز اس فلم میں بطور ڈائریکٹر فوٹو گرافی کام کر رہی تھیں۔ فلم کے ڈائریکٹر 48 برس کے جوئل سوزا زخمی ہونے کے بعد ابھی زیر علاج ہیں۔

فلم بنانے کے لیے مشہور مقام بونینزا کریک رینچ میں پیش آنے والے واقعے کی پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم ابھی تک پولیس نے باقاعدہ کوئی مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو سانٹا فے شیرف کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اداکار ایلک بالڈون نے تفتیش کاروں کو اس واقعے کی تفصیلات بتائی ہیں۔

ترجمان کے مطابق وہ رضاکارانہ طور پر پولیس کے پاس آئے اور پھر تفصیلات بتانے کے بعد وہاں سے چلے گئے۔

اس کی اپنی ذاتی ویب سائٹ کے مطابق ہیلینا ہچنز کا تعلق یوکرین سے ہے اور وہ آرکٹک سرکل میں سویت یونین کے ایک فوجی اڈے پر رہتی رہی ہیں۔

انھوں نے یوکرین کے دارالحکومت کیوو سے صحافت میں تعلیم حاصل کی جبکہ لاس اینجلس سے فلم سے متعلق تعلیم حاصل کی۔ انھیں امریکہ کے ایک میگزین سائن میٹوگرافر نے سنہ 2019 میں رائزنگ سٹار قرار دیا تھا۔

سنہ 2020 میں ایڈم ایجبٹ مورٹیمر کی بنائی گئی ایکشن والی فلم ’آرکنیمی‘ میں انھوں نے بطور ڈائریکٹر فوٹو گرافی کام کیا تھا۔

ایڈم مورٹیمر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ ہلینا کی موت پر بہت افسردہ ہیں اور بہت غصے میں بھی کہ فلم سیٹ پر بھی یہ سب ہو سکتا ہے۔

Twitter پوسٹ نظرانداز کریں, 1

Twitter پوسٹ کا اختتام, 1

1px transparent line

اپنے ایک بیان میں انٹرنیشنل سائن میٹاگرافر گیولڈ کا کہنا تھا کہ ہیلینا ہیچنز کی موت کی خبر سے بہت صدمہ ہوا اور یہ بہت بڑا نقصان ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گیولڈ کے صدر جان لنڈلے اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریبیکا رہنے کا کہنا تھا کہ ابھی تفصیلات واضح نہیں ہیں مگر ہم مزید معلومات کے لیے کوشاں ہیں اور ہم اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کے حق میں ہیں۔

پولیس کے مطابق فلم کے سیٹ پر فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بونینزا کریک رینچ پر پہنچ گئی تھی۔

اداکار ایلک بالڈون جو اس فلم کے معاون پروڈیوسر بھی ہیں اور وہ اس فلم میں ایک ایسے غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم شہری کا کردار ادا کرتے ہیں جس کے 13 برس کے پوتے کو ایک حادثاتی قتل میں سزا ہو جاتی ہے۔