لڑکیوں کی ترقی سے متعلق یو ایس ایڈ کا تربیتی پروگرام



اسلام آباد :پاکستانی خواتین کو عملی زندگی میں آگے بڑھنے سے متعلق مدد دینے کے لیے امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے ایک مباحثے کا اہتمام کیا جس میں اس منصوبے سے مستفید ہونے والی لڑکیوں کے علاوہ اُن کے والدین بھی شریک تھے۔
یوایس ایڈ کا "پاتھ ویز ٹو سکسیس پروگرام" پاکستانی عورتوں اور لڑکیوں کو ایسی مہارتیں سیکھنے میں مدد کرتا ہے جن کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ اپنا کام بہتر طریقے سے سر انجام دے سکتی ہیں۔
پروگرام میں اُن کی دفتری امور کی تربیت، ملازمت کے مواقع تلاش کرنے اور ذاتی کاروبار کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے۔
یو ایس ایڈ کے قائم مقام ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کرسٹوفر اسٹیل نے درس وتدریس، سرکاری و نجی شعبوں اور این جی اوز سے تعلق رکھنے والی 100 سے زیادہ ایسی خواتین سے منگل کو منعقدہ ایک مباحثے سے خطاب کیا جنہوں نے یو ایس ایڈ کی معاونت سے منعقد کی جانے والی تربیتی نشست میں شرکت کی۔
کرسٹوفر اسٹیل نے کہا، ’’ہم سب کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ایک عورت کے آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ اُسے سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ یہ بھی اُتنا ہی ضروری ہے کہ جس ماحول میں خواتین کام کرتی ہیں وہ اُن کو اپنے طے شدہ معیار کے مطابق کامیابی کی منزل تک پہنچنے میں مدد گار ثابت ہو۔
کرسٹوفر اسٹیل نے کہا کہ نوجوان لڑکیوں کو علم تک رسائی اور فنی مہارتیں فراہم کر کے ہم اُنہیں اِس قابل بناتے ہیں کہ وہ اپنی، اپنے خاندان، اپنی برادری اور اپنے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
یو ایس ایڈ کے ٹریننگ فار پاکستان پروگرام کے تحت صوبۂ سندھ اور خیبر پختونخوا کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی تین ہزار لڑکیوں کی معاونت کی گئی ہے جس سے اُنہیں مناسب روزگار کے مواقع میسر آئے۔
یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری اس تربیتی پروگرام میں اب تک آئی ٹی، تجارت، قانون، مائیکرو فنانس، بینکنگ ،درس وتدریس، فنونِ لطیفہ، کھیل اور میڈیا سے وابستہ 30 سے زیادہ معروف اور کامیاب خواتین نے رضاکارانہ طور پر 300 سے زیادہ لڑکیوں کو تربیت فراہم کی ہے۔
یہ کامیاب خواتین اِن نوجوان لڑکیوں اور اُن کے اہلِ خانہ سے مہینے میں دوبار ملاقات کرتی ہیں اور اُنہیں بتاتی ہیں کہ مشکلات پر کیسے قابو پانا ہے اور اپنے شعبے میں کامیابی کی راہ کیسے ہموار کرنی ہے۔
یو ایس ایڈ کا ٹریننگ فار پاکستان پروگرام تعلیم، توانائی،اقتصادی ترقی و زراعت، صحت عامہ، استحکام اور نظم و نسق کے شعبوں میں تربیت کا ایک کثیر سالہ منصوبہ ہے، جس کے تحت فراہم کی جانے والی تربیت کے لیے مختلف وسائل کو بروئے کار لا کر حکومتِ پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے مطابق یو ایس ایڈ کے اشتراک کاروں کی اہلیت کو بہتر بنایا جاتا ہے۔

بشکریہ اردوVOA