چاند پر سب سے پہلا قدم کس نے رکھا تھا، یہ تو سب ہی جانتے ہیں۔ تاہم زمین سے باہر خلا میں جانے والا پہلا شخص اور پہلی خاتون کون تھی اس کے بارے میں بہت کم افراد جانتے ہیں۔
سنہ 1969 میں جب چاند پر پہلے انسان نے قدم رکھا، اس سے 8 سال قبل ہی روس اپنے پہلے خلا نورد کو خلا میں بھیج چکا تھا۔ یوری گگارین کو خلا میں جانے والے پہلے شخص کا اعزاز حاصل ہے۔
اس کے صرف 2 سال بعد 1963 میں ایک باہمت خاتون ویلینٹیا ٹرشکوا خلا میں جانے والی پہلی خاتون کاا عزاز حاصل کر کے تاریخ میں اپنا نام درج کروا چکی تھیں۔
سنہ 1937 میں سوویت یونین کے ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہونے والی ویلینٹینا کے والد ٹریکٹر ڈرائیور تھے جبکہ والدہ ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں ملازمت کرتی تھیں۔
ویلینٹینا کی عمر صرف 2 سال تھی جب ان کے والد فوج کی ملازمت کے دوران مارے گئے۔ والد کی موت کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ فیکٹری میں کام کرنے لگیں۔
ویلینٹینا کو پیراشوٹنگ کا بہت شوق تھا۔ اپنی پہلی نوکری کے دوران اس نے کچھ رقم جمع کی تھی تاکہ وہ پیراشوٹ جمپنگ کر کے اپنا شوق پورا کرسکے۔
22 سال کی عمر میں وہ ایک مشاق اسکائی ڈائیور بن چکی تھی۔
یہ وہ وقت تھا جب روس خلائی میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا۔ روس کی جانب سے پہلی بار کسی انسان کو خلا میں بھیجا جا چکا تھا اور اب وہ کسی خاتون کو خلا میں بھیجنے کا خواہشمند تھا۔
اس وقت ویلینٹینا نے خطرہ مول لیا اور خلا باز بنانے کے لیے درخواست دے دی۔
جب خلا میں جہاز بھیجے جانے کے حتمی امتحان کا وقت آیا تو ویلینٹینا نے 400 مرد و خواتین کو شکست دے کر اس امتحان میں کامیابی حاصل کرلی۔ اس کے بعد اس کی خلائی تربیت شروع کردی گئی۔
ویلینٹینا کو خلائی مشن ووسٹوک اسپیس کرافٹ کا پائلٹ منتخب کیا گیا۔ اس وقت اس کی عمر صرف 26 برس تھی۔
اس کے ساتھ ٹریننگ پر موجود تمام دیگر امیدوار مرد تھے اور اس سے عمر میں کہیں زیادہ بڑے تھے۔ ان کی ٹریننگ بھی ویلینٹینا سے کہیں زیادہ مشکل تھی۔
ویلینٹینا نے اپنے ٹرینر سے درخواست کی کہ اسے ویسی ہی تربیت دی جائے جو اس کے ساتھی مرد خلابازوں کو دی جاتی ہے۔
جون 1963 کی ایک صبح ویلینٹینا کے خلائی جہاز نے زمین کو پیچھے چھوڑا اور خلا کی طرف رخت سفر باندھا۔ ویلینٹینا نے خلا میں 3 دن گزارے اور اس دوران زمین کے گرد 48 چکر لگائے۔
مشن کے دوران ویلینٹینا کو احساس ہوا کہ اس کے خلائی کیپسول میں زمین پر واپسی کا پروگرام سیٹ نہیں کیا گیا۔
ویلینٹینا نے بغیر کسی گھبراہٹ کے زمین پر رابطہ کیا، اس میں کافی وقت لگا۔
بالآخر اس نے زمین پر موجود سائنسدانوں کی ہدایات کے مطابق مہارت سے واپسی کا پروگرام سیٹ کیا اور زمین کی فضا سے 4 میل کے فاصلے پر کامیابی سے خود کو خلائی جہاز سے علیحدہ کرلیا۔
ویلینٹینا کہتی تھیں، ’جس طرح کوئی پرندہ صرف ایک پر کے ساتھ پرواز نہیں کرسکتا، اسی طرح خلائی مشنز میں مزید کامیابی کے لیے مرد کے ساتھ خواتین کی شرکت بھی ضروری ہے‘۔
ویلینٹیا ٹرشکوا خلا میں جانے والی اب تک کی سب سے کم عمر خاتون ہیں۔