کوسٹا ریکا کی ملکہ حسن کا سابق صدر آسکر ایریاس پر جنسی ہراسانی کا الزام

 

وسطی امریکہ کے ملک کوسٹا ریکا کے سابق صدر آسکر ایریاس پر ایک اور خاتون نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کر دیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ چند ماہ میں متعدد خواتین آسکر ایریاس کے خلاف شکایات درج کروا چکی ہیں اور اب سابق ملکہ حسن یازمین موریلیس کا نام بھی صدر آسکر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرنے والی خواتین کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔


یازمین نے پولیس کو درج کروائی گئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2015ء میں ان کا سابق صدر سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ ہوا اور انہوں نے ملاقات کے لیے یازمین کو گھر آنے کی دعوت دی۔ یازمین کا کہنا تھا کہ ”میں آسکر ایریاس کے سین ہوزے میں واقع گھر میں گئی تو انہوں نے مجھے زبردستی پکڑ کر گلے لگا لیا، میرے جسم کے پوشیدہ حصوں کو چھونے لگے اور بوس وکنار شروع کر دی۔ اتنی معروف شخصیت کا یہ رویہ دیکھ کر مجھے شدید جھٹکا لگا، میں ان کی شخصیت سے بہت متاثر تھی اور مجھے ان سے ایسی حرکت کی قطعاً نہیں تھی۔

واضح رہے کہ 78 سالہ آسکر ایریاس 1986 سے 1990ء اور دوسری بار 2006 سے 2010ء تک دو بار کوسٹاریکا کے صدر رہے۔ انہوں نے تمام خواتین کی طرف عائد جنسی ہراسانی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”میں نے زندگی بھر صنفی مساوات کا پرچار کیا ہے اور میں کسی خاتون کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔