جنسی تعلقات کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماری آپ کے ہاتھوں تک بھی پھیل سکتی ہے


’گونریا‘ (Gonorrhoea)ایسی بیماری ہے جو جنسی تعلق کے ذریعے پھیلتی ہے۔ اب اس کے متعلق ٹیکساس ساﺅتھ ویسٹرن میڈیکل سنٹر کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جنسی تعلق سے پھیلنے والی ’گونریا‘ نامی یہ بیماری مریض کے بازوﺅں اور ہاتھوں تک پھیل سکتی ہے۔ اس کی علامت یہ ہے کہ اس کے ہاتھوں اور بازوﺅں پر چھالا نما دانے نکلنا شروع ہو جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے یہ وارننگ گزشتہ دنوں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں اس مرض کا ایک کیس سامنے آ نے پر کی۔ اس کیس میں ایک نوجوان لڑکی کو یہ مرض لاحق ہوا اور اس کے ہاتھوں اور بازوﺅں پر دانے بننا شروع ہو گئے تھے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اس مرض کے دانے کھوپڑی سمیت پورے جسم پر نمودار ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ لڑکی ان دانوں کی وجہ سے ڈاکٹروں کے پاس گئی تھی جہاں ڈاکٹروں نے ٹیسٹ کرنے کے بعد تشخیص کی کہ اسے ’گونرا‘ کا مرض لاحق ہے۔ اس کا علاج کرنے والی ڈاکٹر میلیزا موسکر کا کہنا تھا کہ ”اس مرض کی دیگر علامتوں میں پٹھوں کا درد کرنا، بخار ہونا اور ٹخنوں کا درد کرنا وغیرہ شامل ہیں۔

یہ مرض انفیکشن کی طرح کا ہوتا ہے اور قابل علاج ہے۔ ہر سال اس کے ہزاروں مریض سامنے آتے ہیں۔