دنیا بھر میں ہندوؤں کا تہورا دیوالی روایتی انداز میں منایا جا رہا ہے لیکن بھگوان رام کی نگری یعنی ایودھیا میں دیپ جلا کر ایک ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کی تیاریاں ہیں۔
- دیوالی کو روشنی کا تہوار کہا جاتا ہے اور یہ بھگوان رام کے 14 سال کے بن واس (جنگلوں میں دربدری) اور لنکا کے راجہ راون کو شکست دینے کے بعد اپنے شہر ایودھیا واپس آنے کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ ایودھیا میں اس موقع پر دیپ جلانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
- یہ 26 اور 27 کی درمیانی شب ایودھیا میں دریائے سرجو کے کنارے چراغاں کا منظر ہے۔ اترپردیش کے وزیر اعلی آدتیہ یوگی ناتھ نے ایودھیا میں بڑے پیمانے پر دیوالی کے موقع پر چراغاں کی تیاریاں کروائی ہیں۔
- ایودھیا سے بی بی سی کے نامہ نگار فیصل محمد علی نے بتایا ہے کہ وہاں ساڑھے پانچ لاکھ دیپ (چراغ) جلانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کے بعد ایک ساتھ سب سے زیادہ دیے روشن کرنے کا ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کر لیا جائے گا۔
- رواں سال ایودھیا میں دیوالی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے اور مختلف قسم کے پروگرام کو ترتیب دیا گیا ہے۔ اس میں ہیلی کاپٹر سے رام اور سیتا کے کردار کو اتارا جائے گا، پھر مٹی کے دیے روشن کیے جائیں گے۔
- اس موقع پر فیجی کی وزیر وینا بھٹناگر وہاں خصوصی مہمان کے طور پر موجود ہوں گی۔ اس سے قبل جنوبی کوریا کی کم جونگ سک کو مہمان خصوصی بنایا گیا تھا۔
- سریو ندی کے کنارے ایودھیا میں بہت سے مندر آباد ہیں۔ اور ہر جگہ چراغاں نظر آتا ہے۔
- ٹمٹماتے مٹی کے دیے یہاں تاروں کے زمین پر اتر آنے کا سماں پیش کرتے ہیں
- ملک کے مختلف حصوں میں دیوالی کا تہوار روایتی انداز میں منایا جا رہا ہے۔ یہ بھوپال کا منظر ہے جہاں چند خواتین رنگولی کے ساتھ دیپ جلائے نظر آ رہی ہیں۔
- اسی طرح گجرات کے گاندھی نگر میں اکشردھام مندر میں چراغاں کا ایک منظر آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں