سعودی عرب: غیر شادی شدہ غیر ملکی جوڑے ہوٹل کا کمرہ لے سکیں گے


سعودی
Getty Images
حکومت کا یہ اقدام ایک ایسے موقعے پر سامنے آیا ہے جب سعودی عرب میں سیاحت کی صنعت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں

سعودی عرب کی نئی ویزا پالیسی کے تحت اب غیرشادی شدہ غیر ملکی جوڑے بھی ہوٹل کے کمرے حاصل کر سکیں گے جبکہ خواتین کو بھی ہوٹل کے کمروں میں اکیلے رہنے کی اجازت ہو گی۔
اس سے قبل، جوڑوں کو کمرے حاصل کرنے کے لیے شادی شدہ ہونے کے ثبوت فراہم کرنے پڑتے تھے۔
حکومت کا یہ اقدام ایک ایسے موقعے پر سامنے آیا ہے جب سعودی عرب میں سیاحت کی صنعت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

نئی تبدیلیاں کیا ہیں؟

ماضی میں جوڑوں کو شادی شدہ ہونے کے کاغذی ثبوت فراہم کرنے پڑتے تھے لیکن اب نئے قوانین کے مطابق غیر ملکیوں کے لیے اس حوالے سے نرمی کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی کمشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ ‘ہوٹلوں میں رہائش پذیر ہوتے وقت تمام مقامی افراد سے ان کے خاندان اور رشتے کے حوالے سے شناخت طلب کی جاتی ہے۔’

سعودی
Getty Images
ماضی میں جوڑوں کو شادی شدہ ہونے کے کاغذی ثبوت فراہم کرنے پڑتے تھے لیکن اب نئے قوانین کے مطابق غیر ملکیوں کے لیے اس حوالے سے نرمی کی گئی ہے

تاہم ‘اب سے اس پابندی کا اطلاق غیر ملکی سیاحوں پر نہیں ہو گا۔ تمام خواتین، بشمول سعودی خواتین ہوٹلوں میں اپنی شناخت فراہم کر کے اکیلے ہی کمرے حاصل کر سکیں گی۔’
ان نئے ویزا قوانین کے مطابق خاتون سیاحوں کو اپنے آپ کو مکمل طور پر ڈھانپنے کی پابندی بھی نہیں ہو گی تاہم ان سے باوقار لباس زیب تن کرنے کی توقع ضرور کی جائے گی۔
البتہ شراب پر بدستور پابندی لگی رہے گی۔

سعودی
Getty Images
ان تبدیلیوں میں خاتون ڈرائیورز پر ڈرائیونگ کے حوالے سے لگی پابندیوں کو ہٹانے کے علاوہ خواتین کو بغیر کفیل کے بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دینا ہے

ان تبدیلیوں کا پسِ منظر

سعودی عرب کو ایک عرصے سے دنیا کی سب سے سخت گیر جگہ سمجھا جاتا تھا اس لیے یہ اقدامات غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے سامنے اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حال ہی میں اس قدامت پسند ملک میں متعدد تبدیلیاں لائی ہیں۔
مزید پڑھیے
ان تبدیلیوں میں خاتون ڈرائیورز پر ڈرائیونگ کے حوالے سے لگی پابندیوں کو ہٹانے کے علاوہ خواتین کو بغیر کفیل کے بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دینا شامل ہیں۔
لیکن دیگر انتہائی متنازع واقعات کے باعث یہ تبدیلیاں ماند پڑ گئیں ہیں۔ ان واقعات میں صحافی جمال خاشقجی کا قتل بھی شامل ہے۔
دی انڈیپینڈینٹ کے سینیئر ٹریول ایڈیٹر کا کہنا تھا کہ ویزا قوانین میں نرمی لانے سے سعودی عرب جانے والے سیاحوں کی تعداد میں یقیناً اضافہ ہو گا۔
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ‘ویزا کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کے باعث ان سیاحوں کی تعداد میں فوری اضافے کی توقع کی جا سکتی ہے جو عرب دنیا اور اس کے ورثے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔’