بالی وڈ اداکارہ بھومی پیدنیکر نے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتیں جو کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنی نئی فلم میں سانولی رنگت والی لڑکی کا کردار ادا کرکے بہادری دکھائی ہے۔
اپنی نئی فلم ’بالا‘ میں اداکاری سے مداحوں کر متاثر کرنے والی بھومی پیدنیکر کا کہنا تھا کہ ’ایسے لوگوں سے کہتی ہوں کہ میں آرٹسٹ ہوں اور میرے لیے ہر کردار اہم ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق بھومی پیدنیکر کا کہنا ہے کہ ایک اداکار کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ اپنے کردار میں ڈھل جائے۔
’ہر وقت یہ نہیں سوچ سکتی کہ سکرین پر کیسے دکھائی دیتی ہوں کیونکہ یہ فلم اور اس کردار سے ناانصافی ہوگی جس کو قبول کیا۔‘
یہ بھومی پیدنیکر کی اداکار آیوشمان کھرانہ کے ساتھ تیسری فلم ہے۔ اس سے قبل انہوں نے ’دم لگا کے ہیشہ‘ اور ’شبھ منگل ساودھان‘ میں کام کیا تھا۔
فلم بالا میں ایک ایسے نوجوان کو دکھایا گیا ہے جو وقت سے بہت پہلے بال جھڑنے کی وجہ سے گنجے پن کا شکار ہو جاتا ہے اور اس کے ساتھ دو لڑکیاں دوستی کر لیتی ہیں۔
بھومی پیدنیکر نے کہا کہ وہ خود کو تبدیلی کا محرک قرار دیتی ہیں، اس لیے جب انہوں نے ’بالا‘ کا سکرپٹ دیکھا تو اس حقیقت نے متاثر کیا کہ ان کا کردار انتہائی اہم تھا جو معاشرے میں تبدیلی کے لیے کام کرتا ہے۔
فلم بینوں اور ناقدین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے کہا کہ ’یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ میرے کردار کو اتنی محبت اور توجہ ملی اور روایتی معاشرے میں انفرادی حیثیت میں کھڑے رہنے پر سراہا گیا۔‘
ان کے بقول یہ جان کر خوشی ہوئی کہ فلم میں ان کا کردار معاشرے کے روایتی رجحان اور روایت کے خلاف تھا اور اس کو فلم بینوں نے سراہا۔
بھومی نے یہ بھی کہا کہ آرٹ کے ذریعے مؤثر انداز سے پیغام دیکھنے والوں تک پہنچانا اور ان کو انٹرٹینمنٹ فراہم کرنا ہی اداکار کا بنیادی کام ہے۔
کالم اور بلاگز واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیےبلاگ کا گروپ جوائن کریں۔