تحریم عظیم
پہلے دور میں جب انٹرنیٹ زیادہ عام نہیں ہوا تھا تب شادیوں کو
ٹوٹنے سے بچانے کے لیے الگ قسم کے مشورے دیے جاتے تھے مثلاً اپنے رشتے میں کسی
تیسرے کو شامل نہ کرو، ایک دوسرے کی عزت کرو، ایک دوسرے سے محبت کے ساتھ پیش آؤ،
ایک دوسرے کے والدین اور بہن بھائی کی عزت کرو اور ان کے ساتھ ادب سے پیش آؤ،
ایک فریق غصے میں ہو تو دوسرا چپ کر جائے۔ جب پہلے فریق کا غصہ ٹھنڈا ہو تب جا کر
اس سے بات کرے۔ لیکن اب دنیا یکسر تبدیل ہو چکی ہے اور اس جدید دنیا میں نئے نویلے
شادی شدہ جوڑے کو اپنے رشتے کو شادی کے اولین دنوں کی طرح تروتازہ رکھنے کے لیے
بالکل جدید مشورے دیے جاتے ہیں مثلاً خواتین کو کہہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے سوشل
میڈیا پر فوراً نیک پروین بی بی کی چادر اوڑھ لیں، شوہر سے وفاداری اور ساس سسر کی
خدمت والے اقوال شئیر کریں تاکہ ان پر ایک اچھی لڑکی کا ٹھپہ لگ سکے۔
ان
ہی جدید مشوروں میں سے ایک مشورہ تمام مرد حضرات کی نظر ہے۔ اگر آپ کی شادی ہونے
والی ہے یا ہو چکی ہے تو ایک نصیحت پلے سے باندھ لیں۔ آپ کی بیوی آپ کوجتنا بھی
مکھن لگائے اسے کبھی بھی اپنے فیس بک اکاؤنٹ کا پاسورڈ نہ دیں۔ یہ پاسورڈ آپ کی
کس طرح عزت بنائے ہوئے ہے اس کا آپ کو شاید اندازہ بھی نہیں ہے۔
دورِ
جدید کی بیویاں اب وہ روایتی بیویاں نہیں رہیں جو شادی کے بعد شوہر کے ساتھ چھت پر
جاتی تھیں تو منڈیر پر بیٹھے کوے کو دیکھ کر شوہر سے پوچھتی تھیں کہ اجی اس پرندے
کو کیا کہتے ہیں؟ آج کی بیویاں چلتر چالاک ہیں، پڑھ لکھ کر ان کے دماغ ساتویں
آسمان پر پہنچے ہوئے ہیں۔ اب یہ اپنے آپ کو شوہر سے کم عقل نہیں سمجھتیں بلکہ اس
کا بھرپور مقابلہ کرتی ہیں، یہ چھپکلی کو دیکھ کر چیخیں نہیں مارتیں بلکہ جھاڑو
پکڑ کر اس بے چاری کے پیچھے پڑ جاتیں ہیں، بلب خراب ہو تو یہ خود ہی سٹول پر چڑھ
کر نیا بلب لگا دیتی ہیں، موبائل پر کچھ ایک ایپ کھولتی ہیں اور ٹیکسی گھر کے
دروازے پر بلا لیتی ہیں، غرض ان کی زندگی کا ہر کام چٹکیوں میں ہوتا ہے۔ ان شر
پسند بیویوں کے ساتھ رہنا بالکل بھی آسان کام نہیں ہے۔ یہ میٹھے میٹھے بول بول کر
آپ کا فیس بک پاسورڈ مانگیں گی اور پھر آپ کے فیس بک اکاؤنٹ کی سیٹنگز میں جا
کر آپ کا سارا ڈیٹا ڈاؤنلوڈ کر لیں گی۔
جی ہاں! فیس بک کی ایک آپشن کے مطابق آپ فیس بک پر موجود اپنا تمام ڈیٹا
ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔ یہ ڈیٹا آپ کے فیس بک پر پہلے دن سے لے کر حالیہ روز تک کا
ہوگا۔ اس کے بعد آپ کے وہ تمام معاشقے جو آپ اپنی دانست میں ڈیلیٹ کر چکے ہیں
دوبارہ سے جاگ اٹھیں گے اور قوی امید ہے کہ ان کے جاگنے کے بعد آپ کی چندیا پر
موجود چند بال اپنے گھر سے محروم ہو جائیں گے۔ اس لیے اگر آپ کو اپنے بال عزیز
ہیں تو اپنی فیس بک کو اپنی بیوی سے دور رکھیں۔
نوٹ:
خواتین کو اس مشورے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ رشتہ طے پاتے ہی اپنے تمام پرانے
اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر کے نئے بنا لیتی ہیں۔
بشکریہ دنیا بلاگزا
بشکریہ دنیا بلاگزا
بشکریہ ہم سب