میری بیگم کا ایک ٹریننگ سیشن اسی اسکول میں ہونا تھا جہاں میں نے تعلیم حاصل کی ہوئی تھی۔ سو خوشی سے اسے وہاں چھوڑنے گیا کہ چلو تعلیمی دور کی یادیں تازہ ہو جائیں گی۔ اس نے گیٹ کے اندر کی جانب بیٹھے سیکورٹی والوں سے انٹری وغیرہ کروا کر مجھے اوکے کا ہاتھ سے اشارہ کر دیا۔ انہی سیکورٹی والوں کے پاس ہی کچھ بڑی عمر کے اساتذہ کا ٹولہ کھڑے دھوپ سینک رہا۔ میں مشاھدہ کر رہا تھا کہ وائف کی انٹری کے پراسیس اور اس کے ہال تک جانے کی چال پر ان کی مسلسل نظریں جمی رہیں۔
باتیں بھی ساتھ ساتھ چل رہی تھی۔ ان میں میرے عربی کے ٹیچر بھی شامل تھے۔ تبھی ذہن شریف میں خیال و سوال آیا کہ کیا ایسا سب فطری ہوتا ہے؟ خواتین پر مسسل نظریں جماے رکھنا، دور تک دیکھتے رہنا کیا عام سی بات ہوتی؟ کیا خواتین ان سب کو لائٹ لیتیں؟ کیا یہ روٹین کی باتیں ہے اب؟ کوئی فرق نہیں پڑتا، صرف دیکھا ہی جاتا ہے نا بس؟
اب ایسی بات نہیں کہ میری وائف ساتھ ایسا ہوا یا بازار جاتے اکثر ایسا ہوتا تو مجھے تب خیال آ رہا۔ ہاں مگر یہ بھی ہے ویسے کہ جب اپنی ماں، بیوی، بہن، بیٹی ساتھ ایسا ہو تب زیادہ محسوس ہوتا۔ مگر سچ کہوں تو کوئی کم عمر نوجوان گھورے یا دور تک اپنی نظریں جما کر دیکھتا رہے تو سمجھ آتی ہے کہ اس کی عمر ایسی، تربیت کی کمی وغیرہ۔ مگر جب کوئی بڑی عمر کا مرد، بال بچوں والا ایسا کرے تو بندہ کس کو قصور وار ٹھہراے۔
خاص کر جب کوئی استاد ہو یا کسی بھی ادارے میں سینئر پوزیشن کا حامل فرد ایسی عادتوں سے چھٹکارا حاصل نہ کر سکے تو اس کا کیا حل ہے؟ چھوڑیں جی بس وہ ہیں ہی ایسے، آپ پروا نہیں کرو، ان کو دیکھنے دو وغیرہ جیسی باتیں ان کے لئے کھ کر اپنے کام میں لگ جانا کافی ہے کیا؟ چلیں اگر جس سے شکایت کی جانی ہو وہ صاحب بھی ایسے ہی تو بندہ کس دیوار سے ٹکریں مارے جا کر۔
میں واقعی داد دیتا ہوں ان خواتین کو جو عمر کا لحاظ کرتے سب سہ جاتی ہیں، مردوں کے معاشرے میں بول بھی پڑیں، سنوائی ہو بھی جائے مگر وہ عورت بعد میں زیادہ مرکز نگاہ بن ہے، کہ اچھا یہ ہیں وہ جس نے ہمت کی تھی، ایسی ہے وہ، اور پتا نہیں کیا کیا۔ انہی باتوں کے بتنگر بننے کی وجہ سے چپ سادھ لی جاتی ہے۔ جملے بازی کو چھوڑیں صاحب، صرف ایسی جنسی نظروں والی نگاہ میں دفاتر میں کام کرنا، چلنا پھرنا، پبلک ڈیلنگ وغیرہ یا بازار، دکان یا پبلک ٹرانسپورٹ پر یہ سب سہنا واقعی میں اتنا آسان نہیں جتنا ایسے میرا یہاں ایک مضمون میں لکھ دینا۔
مجھے جو ابھی تک عجیب لگتا یا برا لگتا کہ چلو عام رکشا ڈرائیور ہو، کوئی دکان والا، کوئی آتا جاتا غیر ایسی نگاہوں سے دیکھے تو چل جاتا کہ ابھی تعلیم و تربیت کی بہت کمی۔ مگر کوئی اپنا جاننے والا، کوئی دوست احباب، کوئی استاد یا کولیگ ایسا سب کرے تو کیوں کرے۔ یہ کیسا تجسس ہے؟ اور کیوں ہے؟ اچھا دیکھوں تو سہی اس کی وائف کیسی ہے؟ بہن کیسی کی دکھتی ہے؟ مطلب کہ کیا سب نارمل ہوتا؟ فطری ہوتا؟ کیا ہم اس پر قابو نہیں کر سکتے؟
اچھا چھوڑیں اب بہت لمبی بات ہو گی۔ کبھی تو سمجھ آ جائے گی۔ کبھی تو ہم مرد خود کو بدل لیں گے، کبھی تو ہو گا کہ مرد کی موجودگی، اس کی محفوظ نظروں سے خواتین خود کو کمفرٹیبل محسوس کریں گی۔ کبھی تو کوئی حل نکلے گا۔ آپ کو ملے تو مجھے بھی بتائیے گا۔ ابھی میں ذرا اپنے ادارے میں اپنے دوست کے بچے کا ایڈمشن کر لوں۔ اس کی کال آئی تھی کہ تمہاری بھابی ساتھ آ رہی ہیں۔ اور لگتا ہے باہر ریسپین پر وہی کھڑی ہیں۔ آج دیکھوں تو سہی بھابی لگتی کیسی کی ہیں۔ سنا ہے کہ ”بولے تو باتوں سے پھول جھڑتے ہیں، یہ بات ہے تو چلو بات کر کے دیکھتے ہیں۔