لندن میں آج ہم جنس پرستوں کی پریڈ ہو رہی ہے جسے 'پرائیڈ پریڈ ' کہا جاتا ہے۔
'پرائیڈ' ایک عالمی مہم کا نام ہے جو دنیا بھر میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے جدو جہد کر رہی ہے اور گزشتہ کئی ہفتوں سے دنیا بھر میں پریڈ کی شکل میں جشن منایا جا رہا ہے۔برطانیہ میں تقریباً باون سال پہلے ہم جنس پرستوں کے رشتے کو جرم قرار دیے جانے پر روک لگا دی گئی تھی۔
حالانکہ برطانیہ میں قانون میں تبدیلی کر دی گئی تھی لیکن اب بھی دنیا کہ بہت سے ممالک میں ہم جنس پرستی غیر قانونی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں دنیا بھر میں ہم جنس پرستوں کو یکساں حقوق دلوانے کے لیے جدو جہد کر رہی ہیں۔
پچاس سال پہلے نیو یارک میں ہم جنس پرستوں کے ایک گروپ کی بغاوت نے 'گے رائٹس موومنٹ' یعنی ہم جنس پرستوں کے حقوق کی تحریک کو جنم دیا تھا۔
اٹھائیس جون 1969 کی صبح نیو یارک علاقے گرینچ ولیج میں ہم جنس پرستوں کے ایک بار 'سٹون وال اِن' پر پولیس کے چھاپے کے بعد ہم جنس پرستوں کے پر تشدد مظاہرے ہوئِے۔
کہا جاتا ہے کہ یہ مظاہرے امریکہ میں ہم جنس پرستوں کی آزادی کی تحریک کی سب سے بڑی وجہ بنے۔1950 اور 60 کی دہائی میں کچھ ہی ادارے ہم جنس پرستوں کا خیر مقدم کرتے تھے اور ان میں بارز شامل تھیں۔
حالانکہ بار کے زیادہ تر مالکان ہم جنس پرست نہیں ہوا کرتے تھے۔ اس وقت سٹون وال اِن نامی بار کے مالکان جرائم پیشہ افراد تھے اور کہا جاتا ہے کہ یہ بار ہم جنس پرست کمیونٹی کے غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں میں مقبول تھا۔ ان میں بےروزگار نوجوان، جسم فروش مرد، عورتوں کا لباس یا حلیہ بنا کر رہنے والے فنکار اور لیسنِینز شامل تھیں۔
اس زمانے میں ہم جنس پرستوں کے بار یا ریستورانوں پر پولیس کے چھاپے روز کا معمول ہوا کرتے تھے اور سٹون وال اِن میں ایسے ہی ایک چھاپے کے دوران صورتِ حال پولیسں کے کنٹرول سے باہر ہو گئی۔
اگلی شام نیو یارک مظاہروں کے دوران پولیس اور علاقے کی ہم جنس پرست کمیونٹی کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی اور مظاہروں کا سلسلہ کئی ہفتے چلا۔ اس واقعہ کے بعد ہم جنس پرست اور لیزبین جوڑوں کو ہر طرح کے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔
جس کے بعد چھ ماہ کے اندر اندر نیو یارک میں ہم جنس پرستوں کی دو تنظیمیں بنیں اور چند ہی سالوں میں پورے امریکہ میں پھیل گئیں۔ اٹھائیس جون 1970 کو نیو یارک، لاس اینجلسِ اور سان فرانسسکو میں پہلا 'گے پرائیڈ مارچ' منعقد کیا گیا اوراب ہر سال دنیا بھر میں اس طرح کے مارچ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔