اداکارہ کالکی کوئچلِن اپنے بوائے فرینڈ گائے ہرشبرگ کے بچے کی ماں بننے والی ہیں اور اکثر سوشل میڈیا پر وہ اپنی تصاویر بھی پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔
کالکی شادی شدہ نہیں ہیں۔ حال ہی میں آن لائن بالی ووڈ ویب سائٹ 'پِنک وِلا' کے ساتھ ایک انٹرویو میں کالکی نے بتایا کہ بغیر شادی کے ایک بچہ پیدا کرنا کیسا تجربہ ہے اور یہ کہ اس بارے میں دوسروں کی رائے ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔
کالکی کہتی ہیں کہ بن بیاہی ماں بننے پر ایسے بہت سے لوگ ہوں گے جو ان کے بارے میں بری رائے رکھتے ہوں گے لیکن وہ ان لوگوں کو ذاتی طور پر نہیں جانتی اس لیے ان کی رائے سے انھیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
کالکی کہتی ہیں کے ان کے ارد گرد اور ان کی بلڈنگ کے لوگ یہ جانتے ہیں کہ ان کی شادی نہیں ہوئی ہے اور وہ ماں بننے والی ہیں مگر پھر بھی ان کا خیال رکھتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر وہ بہت ٹرول ہوتی ہیں۔
لوگ پوچھتے ہیں کہ 'بچے کا باپ کہاں ہے'، تم ایسا کیسے کر سکتی ہو‘ حاملہ ہو تو اتنے چست کپڑے کیوں پہنتی ہو'۔
شادی کے بغیر ماں بننے والی کالکی بالی ووڈ کی پہلی اداکارہ نہیں کئی دہائی قبل اداکارہ نینا گپتا نے بن بیاہی ماں بن کر لوگوں کو حیران کر دیا تھا آج ان کی بیٹی مسابا گپتا انڈسٹری کی نامور فیشن ڈیزائنر ہیں۔
’اب مصالحہ فلمیں کرنا چاہتی ہوں‘
فلم ٹوائلٹ ایک پریم کتھا، شبھ منگل ساودھان اور سانڈ کی آنکھ جیسی فلمیں کرنے والی اداکارہ بھومی پڈنیکر کہتی ہیں کہ انھوں نے اچھے مواد والی کئی فلمیں کی ہیں لیکن اب وہ مصالحہ فلمیں کرنا چاہتی ہیں۔
سنہ 2015 میں ایوشمان کھرانہ کے ساتھ فلم 'دم لگا کے ہئیشا' سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والی بھومی کہتی ہیں کہ وہ ایسی مصالحہ فلمیں کرنا چاہتی ہیں جس میں کہانی بھی اچھی ہو۔
بھومی کا کہنا تھا کہ لوگ تین گھنٹے سنیما ہال میں گذارتے ہیں تو انھیں مکمل تفریح کا حق ہے جو انھیں مصالحہ فلموں سے ملتی ہے۔
لگتا ہے بھومی 'ہائی کونٹینٹ' کہی جانے والے فلموں سے بور ہو چکی ہیں اور سلمان خان کے ساتھ نہ سہی لیکن ان کے راستے پر ضرور چلنا چاہتی ہیں۔
جلدی ہی بھومی کی فلم 'پتی پتنی اور وہ' رلیز ہونے والی ہے جس میں اننیا پانڈے اور ارتک آرین ہیں اور یہ ایک مصالحہ فلم کہی جا رہی ہے۔
شاہ رخ اصل زندگی میں بھی ہیرو
حالانکہ شاہ رخ خان کی فلم زیرو بری طرح فلاپ رہی لیکن اصل زندگی میں اس ہفتے وہ ہیرو ضرور ثابت ہوئے اور سوشل میڈیا پر لوگ جم کر ان کی کمر ٹھونک رہے ہیں۔
اس ہفتے امیتابھ بچن کے گھر دیوالی پارٹی ہوئی اور انڈسٹری کے تمام لوگ شامل ہوئے، شاہ رخ بھی اپنی بیگم گوری کے ساتھ وہاں پہنچے۔
چاروں طرف دیے کی روشنیاں بکھری ہوئی تھیں، پارٹی کے دوران ایشوریہ رائے کی مینیجر ارچنا کے لہنگے نے آگ پکڑ لی ایسے میں شاہ رخ خان جو وہاں موجود تھے دوڑ کر ارچنا تک پہنچے اور انھیں آگ سے بچایا۔
ارچنا کو ہسپتال پہنچایا گیا لیکن دوسرے دن یہ خبر پورے میڈیا اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگی۔ فلم زیرو کے یہ ہیرو کافی عرصے بعد میڈیا میں ایک بار پھر چھا گئے۔
کالم اور بلاگز واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیےبلاگ کاگروپ جوائن کریں۔