بالی ووڈ کی می ٹو مہم ( Me too )اب بنگالی فلم انڈسٹری تک پہنچتی نظر آرہی ہے۔ بنگالی فلم کی مشہور اداکارہ روپنجنا مترا نے بنگالی ڈائریکٹر ارندم سیل پر جنسی استحصال کا سنگین الزام عائد کیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ کس طرح مقبول سیریل بھومی کنیا کی اسکرپٹ پڑھنے کیلئے اپنے کولکاتہ آفس میں بلانے کے بعد ڈائریکٹر نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا ۔
اداکارہ نے بتایا کہ ارندم سیل نے مجھے اپنے آفس میں بھومی کنیا کے پہلے ایپی سوڈ کی اسکرپٹ پڑھنے کیلئے بلایا۔ یہ واقعہ درگا پوجا سے کچھ دن پہلے کا ہے۔ شام کو پانچ بجے میں ان کے آفس پہنچی تو اس وقت وہاں کوئی نہیں تھا۔ مجھے کافی حیرت ہوئی۔ اچانک سے وہ اپنی سیٹ سے اٹھ گئے اور میرے سر اور پیٹھ پر ہاتھ پھیرنا شروع کردیا۔ آفس میں صرف وہ اور میں تھی۔ مجھے ڈر لگ رہا تھا کہ شاید میں آبروریزی سے نہیں بچ سکوں گی اور میں دعا کرنے لگی کہ کوئی وہاں آ جائے ۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ تھوڑی دیر بعد میں اس کو برداشت نہیں کرسکی اور ہمت سے انہیں اسکرپٹ کے بارے میں بات کرنے کیلئے کہا۔ شاید وہ سمجھ گئے کہ میں اس طرح کی خاتون نہیں تھی، جو ان کی حوصلہ افزائی کرتی۔ وہ اچانک سے ڈائریکٹر کے موڈ میں آگئے اور مجھے اسکرپٹ سمجھانی شروع کردی اور پانچ منٹ کے اندر ان کی اہلیہ بھی آفس میں آگئیں۔ روپنجنا نے یہ بھی بتایا کہ آفس سے آنے کے بعد وہ کافی ٹوٹ گئی تھیں ۔
دوسری طرف ارندم سیل نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی سیاسی اسٹنٹ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ وہ یہ سب کیوں کہہ رہی ہیں، ہم پرانے دوست ہیں۔ وہ جس دن کی بات کررہی ہیں، اسی دن آفس سے نکلنے کے بعد انہوں نے مجھے میسیج کیا تھا کہ وہ کافی پرجوش ہیں۔ میرے پاس آج بھی وہ میسیج ہے، میں دکھا بھی سکتا ہوں۔ اگر کوئی ان کے ساتھ غلط رویہ اختیار کرے گا تو اس انسان کو وہ میسیج کیوں کریں گی؟