ایک دن میں کرونا وائرس کے 75 ہزار نئے مریض



دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 47 ہزار جبکہ تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد سوا 9 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ اور اسپین میں ایک لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ بدھ کو پہلی بار 5 ملکوں میں 500 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق دنیا کے 203 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کرونا وائرس کے 75 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 80 ملکوں میں مجموعی طور پر 4800 ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں۔ اب تک 140 ملکوں میں کم از ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔
امریکہ میں بدھ کو ایک ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں جن میں 500 صرف نیویارک میں تھیں۔ اس سے پہلے منگل کو 912 اموات ہوئی تھیں۔ 50 میں سے 46 ریاستوں میں کم از کم ایک ہلاکت ضرور ہوئی۔ نیویارک میں 375 افراد ہلاک ہوئے۔ اس ریاست میں اب تک 75 ہزار سے زیادہ کیس سامنے آچکے ہیں اور 2200 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جن دیگر چار ملکوں میں 500 سے زیادہ اموات ہوئیں ان میں اسپین میں 923، اٹلی میں 727، برطانیہ میں 563 اور فرانس میں 509 ہلاکتیں شامل ہیں۔ برطانیہ میں بدھ کو پہلی بار 500 سے زیادہ مریضوں کا انتقال ہوا۔
مزید چار ملکوں میں 100 سے زیادہ افراد جان سے گئے جن میں جرمنی میں 156، ایران میں 138، نیدرلینڈ میں 134 اور بیلجیم میں 123 اموات ہوئیں۔ ترکی، سوئزرلینڈ اور سویڈن میں 50 سے زیادہ ہلاکتیں بیان کی گئی ہیں۔
بدھ کو اٹلی میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار، اسیین میں 9 ہزار، امریکہ میں 5 ہزار، فرانس میں 4 ہزار اور ایران میں 3 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ دنیا بھر میں کیسز کے ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ مختلف ملکوں میں 35 ہزار سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکہ، اسپین اور فرانس میں پانچ پانچ ہزار ایسے مریض ہیں۔
ان کے برعکس لگ بھگ دو لاکھ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ان میں چین کے 76 ہزار شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 86 ملکوں میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 100 سے کم ہے۔