بھگوان شیوا کی خاطر خود کو سلاخوں پر لٹکانے والا تہوار

تنبیہ: بعض قارئین کے لیے چبھانے اور چیرنے والی تصاویر پریشان کن ہو سکتی ہیں۔
انڈیا کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں کورونا کی وجہ سے فصل کی کٹائی سے قبل منائے جانے والے ایک قدیمی تہوار کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ ایسا تہوار ہوتا ہے، جس میں لوگ خود کو لوہے کی سلاخوں اور مچھلی پکڑنے والے کانٹے کی طرح کی چیزوں سے خود میں سوراخ کر کے لٹکاتے ہیں یا خود کو اذیت دیتے ہیں۔
لیکن گذشتہ سال اپریل کے مہینے میں اس تقریب میں شرکت کرنے والی ہماری رپورٹر سحر زاند بتاتی ہیں کہ بہت سے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہندو کے بھگوان شوا کے لیے اس طرح کی عقیدت اگر نہ دکھائی جائے تو فصل خراب ہو جائے گی۔
انڈیا
تقریباً ایک سال قبل اپریل کے وسط کی ایک صبح دریائے گنگا کے کنارے ایک بڑے سے درخت کی چھاؤں میں چند نوجوان حلقہ بنائے بیٹھے ہیں۔ انھوں نے گہرے سرخ رنگ کا لباس پہن رکھا ہے اور ان کے ہاتھوں میں بہت ہی احتیاط سے تیار کی ہوئی لوہے کی سلاخیں ہیں، جنھیں وہ برچھی کہتے جو کہ تقریباً دو فیٹ لمبی ہیں۔
جتنی تیز سلاخیں ہوں گی اتنا ہی کم زخمی ہونے کا خطرہ ہوگا۔
یہ تقریب دن چڑھے ہوگی اور اس کے لیے وہ خود کو تیار کیے بیٹھے ہیں۔ اس گروپ میں سب سے زیادہ عمر کے سندوس ہیں جو کہ 26 سال کے ہیں اور گروپ کے وہ واحد شخص ہیں، جنھوں نے اس سے قبل جسم میں چھید یا سوراخ کرنے والی تقریب میں شرکت کر رکھی ہے۔
انھوں نے مجھے بتایا کہ گذشتہ برسوں کے دوران انھوں نے اپنے ہونٹ، کان، بازو، سینے، شکم اور پشت میں چھید کروا رکھے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ تکلیف دہ ہوتا ہے 'لیکن درد عارضی ہے جبکہ اس کا انعام ہمیشہ رہنے والا ہے۔ ہم سب کو اپنے انعام کے لیے ایک قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔'
جو انعام وہ چاہتے ہیں وہ اچھی فصل ہے۔
تہوار

سال کا سب سے بڑا جشن

مغربی بنگال کے کرشن دیوپور گاؤں میں فصل سے قبل کا تہوار گجن بنگالی کیلنڈر کے خاتمے کے ساتھ ہوتا ہے اور یہ سال کا سب سے بڑا جشن ہوتا ہے۔
اس میں شرکت ہی کسانوں کے لیے ہندو بھگوان شیو یا شیوا کے لیے ان کی عقیدت کا مظہر ہے۔ ان کے خیال میں بھگوان شیو ہی ان کی فصل کے لیے مفید موسم لانے پر قدرت رکھتے ہیں۔
سندوس نے مجھے بتایا کہ 'جب ہم رسم ادا کرنا شروع کرتے ہیں تو بھگوان شیو ہمارے اندر سرایت کر جاتے ہیں اور ہمیں ان کی ماورائے انسانی طاقت اور ہمت ملتی ہے۔'
ان کی بات کو پوری توجہ سے سننے والے راہل کہتے ہیں کہ وہ دس سال کی عمر سے ہی اپنے والدین کو اس میں شرکت کرنے کی اجازت کے لیے منا رہے ہیں۔ اب وہ 15 سال کے ہیں اور متواتر کئی خراب فصلوں کے بعد ان کے والدین نے ہچکچاتے ہوئے انھیں اس رسم کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے۔
راہول کہتے ہیں کہ 'شیو ہم سے خوش نہیں ہیں۔ اس لیے وہ ہم سب کو سزا دے رہے ہیں۔' اور وہاں موجود سب لوگ ان کی حمایت میں سر ہلاتے ہیں۔ وہ مزید کہتے ہیں: 'اس لیے خود کو اور اپنے اہل خانہ کو ان کے غصے سے بچانے کے لیے یہ پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے کہ وہ ان کے لیے اپنی عقیدت کو ثابت کریں۔'
جب لوہے کی سلاخیں تیز ہو جاتی ہیں تو ایک ایک کرکے سب 'مقدس' دریائے گنگا میں اپنے جسم اور روح کو پاک کرنے کے لیے غسل کرتے ہیں۔
اجے
22 سال سے گجن میں شرکت کرنے والے اجے کا ایمان متزلزل
گذشتہ چھ برسوں کے دوران 22 سالہ اجے نے گجن کی تقریب میں شرکت کی ہے لیکن اس بار اجے کا ایمان اس تہوار سے متعلق کمزور پڑ گیا ہے۔
وہ شک میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ وہ سوال کرتے ہیں 'جب ہمیں کوئی نتیجہ نظر نہیں آ رہا ہے تو میں اپنے جسم کو تکلیف کیوں دوں؟'
وہ مجھے اپنے خاندانی کھیتوں میں لے جاتے ہیں۔
میرے سامنے خراب سبزیوں کی کیاریاں پھیلی ہوئی ہیں اور ان کھیتوں کے کنارے پر آم کے پیڑ ہیں، مکھیوں سے خراب پھل لگے ہیں۔
وہ کہتے ہیں: 'بعض اوقات جب بارش کی ضرورت ہوتی ہے تو بارش بالکل نہیں ہوتی ہے اور فصل خشک سالی کا شکار ہو جاتی ہے اور بعض اوقات اس قدر شدید بارش ہوتی ہے کہ ہمارے کھیت سیلاب زدہ ہو جاتے ہیں اور فصل تباہ ہو جاتی ہے۔'
انھوں نے بتایا کہ گرمی کی لہر بھی شدید تر ہوتی جا رہی ہے۔
اجے بتاتے ہیں کہ اصل مسئلہ موسمیاتی تبدیلی ہے نہ کہ بھگوان شیو کا غصہ۔ وہ کہتے ہیں کہ جب کلکتہ کے ایک کالج سے ان کی بنگالی ادب میں تعلیم پوری ہو جائے گی تو وہ ملازمت کی تلاش کریں گے۔
راحول

تہوار کیسے منایا جاتا ہے؟

دن چڑھنے کے بعد تقریب شروع ہونے والی ہے۔
سینکڑوں افراد نے ایک فٹبال کے میدان کے برابر حصے کو بھر دیا ہے۔ وہاں رنگ برنگی ساڑھیوں میں خواتین نظرآ رہی ہیں جبکہ پرجوش بچے ادھر ادھر دوڑتے نظر آ رہے ہیں، مقامی کھانوں اور مصالحوں کی خوشبو اڑ رہی ہے جبکہ لاؤڈ سپیکر سے تیز موسیقی کی آواز ابھر رہی ہے۔
سندوس اور راہول میدان کے بیچ میں تقریباً 100 اپنے جیسے نوجوانوں کے ساتھ ہیں، جنھوں نے اپنی کمر کے گرد سرخ کپڑے کے علاوہ کچھ نہیں پہن رکھا ہے۔ وہ نعرہ لگاتے ہیں کہ 'شیو سب سے طاقتور بھگوان ہیں' اور 'ان کے تمام بھکتوں کو ان کی پوجا (عبادت) میں شامل ہونا چاہیے۔'
وہ کئی گھنٹوں سے اس منتر کا ورد کر رہے ہیں۔
یہ پورے پراسیس کا اہم حصہ ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے آپ کو ایک بے خودی کی کیفیت میں لانے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔ انھیں اس تقریب کے دن برت (روزہ) رکھنا ہوتا ہے لیکن وہ شراب پی سکتے ہیں اور بھانگ کھا سکتے ہیں۔ اور کہا جاتا ہے کہ یہ سب انجری یعنی زخم کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
جب راہل پجاری کے گرد رقص کرتا ہے جو کہ جلد ہی ان کے جسموں میں سلاخیں ڈالنے والے ہیں تو اس کی آنکھیں پھیلی ہوئی ہیں لیکن وہ سیدھے میری طرف دیکھتا ہے۔
جیسے ہی سلاخوں سے چھیدنے کا عمل شروع ہوتا ہے، بھیڑ سخت ہوتی جاتی ہے اور خواتین واویلا مچانے لگتی ہیں۔
میں از خود دوسری طرف مڑ جاتا ہوں۔ جب واپس مڑ کر دیکھتا ہوں تو یہ پاتا ہوں کہ بعض عقیدت مند اب بھی شیو کے منتر کا ورد کر رہے ہیں اور ان کے جسم یعنی گال، کان، ہونٹ، ناک، سینے، بازو اور پشت میں پہلے ہی کئی سلاخیں بھونکی جا چکی ہیں۔
پچاریتصویر کے کاپی رائٹBBC SPORT
پجاری گال میں سلاخ کیسے ڈالتے ہیں؟
پجاری سندوس کی تیز کی ہوئی سلاخیں لیتے ہیں اور اس میں چکنائی لگانے کے لیے اس پر کیلے کا پھل ملتے ہیں۔ منتر کا جاپ کرتے ہوئے وہ سندوس کے گال کو کھینچتے ہیں اور تیزی کے ساتھ اس کے گال میں سلاخ ڈال دیتے ہیں۔ وہ ایک طرف سے ڈالتے ہیں جو کہ سوراخ کرتا ہوا دوسری طرف نکلتا ہے۔
سندوس کی تیوری چڑھ جاتی ہے اور اس کا پورا جسم کانپنے لگتاہے۔ پجاری اسی گال میں مزید دو سلاخیں ڈالتے ہیں اور سب کو وہیں چبھا ہوا چھوڑ دیتے ہیں۔
اب راہول کی باری ہے۔
وہ آگے قدم بڑھاتا ہے۔ اس نے سختی سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ پجاری اس کے کان کے لٹکے ہوئے حصے سے شروع کرتا ہے۔ اس کے بعد اس کے نچلے ہونٹ پر مختلف سلاخیں ڈالتا ہے اور اسی طرح اس کے اوپری ہونٹ پر سلاخیں ڈالتا ہے۔
آخر میں پجاری راہل کے سینے میں دو زخم لگاتا ہے اور اس میں سے ہر ایک ایک انچ گہرا ہوتا ہے اور سلاخ اس میں داخل کرکے چھوڑ دی جاتی ہے۔
مجھے اس کی آنکھ سے ٹپکا ہوا آنسو کا ایک قطرہ نظر آیا جو اس کے درد کا مظہر تھا۔
وہ شیو کا منتر پڑھنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس کے الفاظ گڈمڈ ہو جاتے ہیں کیونکہ اس کے چہرے پر جو سلاخیں گڑی ہوئی ہیں وہ اس کے چہرے کی حرکت میں مانع ہیں۔
ایک دوسرا عقیدت مند راہل کو اپنے کندھے پر اٹھا لیتا ہے اور اسے حلقے کے گرد دکھانے لگتا ہے اور وہاں موجود لوگ اسے دیکھتے ہیں۔
میری حیرت کی انتہا نہیں رہتی کہ اس پورے عمل کے دوران خون کا ایک قطرہ نہیں گرتا ہے۔
لیکن ابھی تہوار ختم نہیں ہوا ہے۔
سلاخوں پر لٹکانا
چرک پوجا تہوار کا بھیانک منظر
اب عقیدت مند 'چرک' پوجا کی تیاری کر رہے ہیں جو کہ اس تقریب کا آخری اور سب سے بھیانک حصہ ہوتا ہے۔
تہوار کے خاتمے کے تحت خود کو تکلیف دینے کے عمل کو بلند تر سطح پر لے جایا جاتا ہے۔ چند تجربہ کار عقیدت میں خود کو ایک چکر جھولے سے لٹکاتے ہیں، جس میں ان کی پشت کی جلد میں صرف دو لوہے کی مڑی ہوئی کانٹے نما سلاخیں ہوتی ہیں، جس سے وہ خود کو لٹکاتے ہیں۔
اس میں پہلی باری سمن کی ہے۔
وہ 34 سال کے ہیں اور وہ 12 سال کی عمر سے ہر سال گجن کی تقریب میں شرکت کرتے رہے ہیں۔
تہوار
پہلے تو پجاری ان کے جسم میں سوراخ کرنے سے منع کر دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اب ان کے جسم میں سوراخ کے لیے کوئی جگہ بچی نہیں ہے۔ لیکن جب سمن غصے میں ضد کرتا ہے تو پجاری اس کی پشت پر ہاتھ مارتا ہے اور گوشت کے ایک لوتھڑے کو پکڑتا ہے۔
وہ اسے جتنا کھینچ سکتا ہے کھینچتا ہے اور پھر اس میں کانٹا ڈال دیتا ہے۔
سمن کی مٹھیاں بھنچ جاتی ہیں، ان کی آنکھیں بند ہیں اور ان کی پیشانی کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اب وہ پھٹ پڑیں گی۔ وہ بے ہوش ہو جاتا ہے۔
لوگ اس پر پانی ڈالتے ہیں اور اسے ہوش میں لانے کے لیے تھپڑ مارتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے عقیدت مند کا سہارا لے کر اٹھتا ہے۔
وہ اسے وہاں لے جاتا ہے جہاں اسے جھولے سے لٹکاتا ہے۔ وہ کانٹے میں رسی باندھتے ہیں۔
سمن کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ایک عقیدت مند سہارا دیتا ہے۔ دونوں گھومتے ہیں جبکہ وہاں موجود لوگ ان کو شاباش دینے کے لیے بلند آواز میں نعرہ لگاتے ہیں۔
وہ کسی درد کا اظہار نہیں کرتے۔
شیو کے قہر سے بچنا
سمن مسکرا رہا ہے اور اس کے نیچے جو بھیڑ ہے اس سے وہ بات کرتا ہے۔
کئی چکر کے بعد جب چکر جھولے کی رفتار کم ہوتی ہے تو شیو کا آشیرباد یا فضل حاصل کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے بچوں میں سے ایک کو وہ اٹھاتا ہے اور ایک چکر کے بعد ان کے والدین کو بچہ دیتا ہے اور دوسرے کو اٹھا لیتا ہے۔
وہاں موجود ایک ماں نے مجھے بتایا: 'جتنی دیر تک عقیدت مند چکر جھولے پر لٹک رہا ہوتا ہے وہ اپنے آپے میں نہیں ہوتا بلکہ ان کے بھیس میں وہاں بھگوان شیو ہوتے ہیں۔ جب بھگوان میرے بچے کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں تو مجھے ڈرنے کی پھر کوئی بات نہیں۔'
تقریباً دس منٹ کے بعد چکر جھولا ٹھہر جاتا ہے اور سمن اتر آتا ہے اور پھر اس پر کسی دوسرے عقیدت مند کو لٹکا دیا جاتا ہے۔
بچے
ابھی بھی سمن کی پشت میں کانٹا لگا ہوا ہے، لیکن وہ مجھ سے کہتا ہے کہ 'جتنی دیر تک میں وہاں لٹکا رہا میں روحانی طور پر بھگوان کے ربط میں تھا۔ مجھے ایسا لگا کہ میں بھگوان اور ساری انسانوں کے درمیان ایک پل ہوں۔'
میں نے پوچھا کہ اگر گجن کو روک دیا جائے تو اس کے خیال میں کیا ہوگا۔
سمن نے بغیر کسی تردد کے جواب دیا کہ 'یہ دنیا کا خاتمہ ہوگا۔ بھگوان شیو کا قہر ہم سب کو برباد کر دے گا۔'
لیکن رواں سال جب وہاں کے لوگ گجن کی تیاری کر رہے تھے تو انڈیا کی حکومت نے کووڈ-19 کے سبب لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔
رواں سال گجن کی تقریب نہیں ہو سکی۔ شاید ہزاروں سال کے اندر ایسا پہلی بار ہوا کہ گجن کا تہوار نہیں منایا گیا۔