امریکہ: کرونا وائرس سے ہلاکتیں سات ہزار سے متجاوز، ماسک پر بحث جاری



امریکی ریاستوں نیو یارک اور لوزیانا میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکہ میں وائرس سے سات ہزار سے زائد ہلاکتیں جب کہ 275000 کے قریب افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
نیو یارک اور نیو اورلینز میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے اور ہلاکتوں کے باعث اسپتالوں اور طبی عملے پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
مختلف ریاستوں کے گورنرز اور دیگر حکام وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے لیے حفاظتی کٹس کی کمی کی وارننگ دے چکے ہیں۔ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی سامان کی قلت کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سرکاری ذخیرے میں ادویات اور طبی سامان ختم ہونے کے بعد مختلف ریاستیں اوپن مارکیٹ سے طبی سامان کی خریداری میں ایک دوسرے پر سبقت لیجانے میں کوشاں ہیں۔
مختلف شہروں میں اسپتالوں کی گنجائش اور بستروں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ریٹائر ہونے والے طبی عملے کی خدمات بھی دوبارہ حاصل کی جا رہی ہیں۔
نیو یارک کے میئر بل ڈی بلاسیو کا کہنا ہے وائرس سے بدترین تباہی آنے میں کچھ دن باقی ہیں، جس کی تیاری کر رہے ہیں۔ نیو یارک امریکہ میں کرونا وائرس کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔
میئر کا کہنا ہے کہ نیو یارک کا مقابلہ وقت کے ساتھ ہے۔ اُنہوں نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے فوج بھجوانے کا مطالبہ کیا۔
جمعے کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے میئر ڈی بلاسیو نے کہا کہ "ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے، جو ہزاروں امریکیوں کو مار رہا ہے۔ جنہیں مرنے کی ضرورت نہیں ہے۔"

ماسک پہننے سے متعلق ابہام

امریکہ کی تمام ریاستوں میں لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے کی ممانعت ہے۔ البتہ اسپتال جانے والوں یا اشیائے خورو نوش کی خریداری کے لیے باہر نکلنے کی اجازت ہے۔
البتہ، باہر نکلتے وقت ماسک پہننے کے حوالے سے اب بھی متضاد ہدایات سامنے آ رہی ہیں۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اصرار ہے لوگ رضاکارانہ طور پر یہ فیصلہ کریں، جس کا دل چاہے وہ ماسک پہنے اور جو نہیں پہننا چاہتا وہ نہ پہنے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے حکام کپڑے کے ماسک پہننے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ لیکن یہ ایڈوائزری رضاکارانہ ہے، میں خود ماسک نہیں پہنوں گا۔

نیو یارک کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
نیو یارک کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ریاست لوزیانا میں جمعے کو کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں 370 ریکارڈ ہلاکتیں ہوئیں۔ ریاست کے گورنر نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ یہاں کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لوزیانا کے گورنر جان بیل ایڈورڈز نے کہا کہ "میں اُن لوگوں کو تنبیہ کرتا ہوں جو اب بھی وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔"
ریاست نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنا تکلیف دہ ہے۔