برطانیہ کی ’سوان سی یونیورسٹی‘ کے سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ ہم جنس پرست خواتین دیگر جنسی رجحانات رکھنے والی عورتوں کی نسبت زندگی میں زیادہ خوش رہتی ہیں۔ اس کی وجہ سائنسدانوں نے یہ بتائی ہے کہ ”ہم جنس پرست خواتین دوسری عورتوں کی نسبت زیادہ کماتی ہیں۔ یہ خواتین حاملہ نہیں ہوتیں اور ماں نہیں بنتی چنانچہ کام میں ان کی کارکردگی اور حاضری زیادہ بہتر ہوتی ہے اور ان کی ترقی کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ وہ جو کماتی ہیں اس کا زیادہ تر خود پر ہی خرچ کرتی ہیں۔ چنانچہ یہی وہ عوامل ہیں جن کی وجہ سے وہ دوسری عورتوں کی نسبت زیادہ خوش رہتی ہیں۔“
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے لوگوں کی جنسی رجحان اور ان میں خوشی کے معیار کو جانچا اور ان کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے۔ اس تحقیق میں 15 ہزار سے زائد مرد وخواتین کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔ سائنسدانوں نے جو فہرست ترتیب دی اس کے مطابق مردوں میں ایسے مرد سب سے زیادہ خوش رہتے ہیں جو صنف مخالف (عورت) میں جنسی رغبت رکھتے ہیں، جبکہ خوشی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہم جنس پرست اور تیسرے نمبر پر دونوں طرف جنسی رغبت رکھنے والے مرد آتے ہیں۔
خواتین میں دوسرے نمبر پر صنف مخالف (مرد) میں جنسی رغبت رکھنے والی خواتین زیادہ خوش ہوتی ہیں جبکہ جو خواتین مردوں اور عورتوں دونوں میں جنسی رغبت رکھتی ہوں وہ سب سے کم خوش ہوتی ہیں۔
مجموعی طور پر جنسی رجحان اور خوشی کے معیار کے حوالے سے ترتیب دی گئی اس فہرست میں بالترتیب ہم جنس پرست خواتین، صنف مخالف میں جنسی رغبت رکھنے والے مرد، صنف مخالف میں جنسی رغبت رکھنے والی عورتیں، ہم جنس پرست مرد، دونوں طرف جنسی رغبت رکھنے والے مرد اور سب سے آخر میں دونوں طرف جنسی رغبت رکھنے والی عورتیں آتی ہیں، جو سب سے کم خوش رہتی ہیں۔