امارات میں طوفانی بارش، دبئی مال زیر آب


متحدہ عرب امارات میں اتوار کوطوفانی بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔ پروازوں کا شیڈول متاثر ہواجبکہ بیشتر اسکولوں میں اتوار کی صبح تعطیل کردی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی مال بھی بارش سے شدید متاثر ہوا ۔بعض حصوں میں رساﺅ کے باعث مال میں پانی جمع ہوگیا جس سے وہاں موجود لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی مال انتظامیہ کے ترجمان نے ٹویٹر پر کہا کہ’ پانی کا رساﺅ روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں دبئی مال آپریشنل اور صارفین کے لیے کھلا ہے‘۔
 واضح رہے کہ دبئی مال دنیا کے بڑے  مالز میں سے ایک ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق عرب امارات کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی ہے۔ راس الخیمہ، فجیرہ اور شارجہ میں ہفتے کی رات بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو اتوار کی صبح تک جاری رہا۔ دبئی اور ابو ظبی میں اتوار کی دوپہر سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
 



دبئی ائیر پورٹ کے ترجمان نے مسافروں سے کہا ہے کہ پروازوں کی معلومات کے لیے ایئر پورٹ یا ایئر لائن کی ویب سائٹ چیک کریں۔ فوٹو گلف نیوز
 دبئی ائیر پورٹ ترجمان کے مطابق ’غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث پروازوں کی آمد ورفت میں تعطل متوقع ہے‘۔
ترجمان نے مسافروں سے درخواست کی وہ دبئی ایئر پورٹ یا ایئر لائن کی ویب سائٹ کو پروازوں کی معلومات کے لئے چیک کریں۔
دریں اثنا  دبئی پولیس نے ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ بارش کے دوران کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے رفتار کو کم رکھیں۔



امارات کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی ہے۔ فوٹو گلف نیوز
 گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارش کے باعث کچھ اسکولوں نے کلاسوں کو جلدی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزارت تعلیم نے پبلک اور پرائیویٹ سکولوں کو کلاس ختم کرنے اور غیر یقینی موسمی حالات میں سکول بند رکھنے کی اجازت دی ہے۔
 شہری دفاع ، پولیس اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کوغیر یقینی موسمی حالات سے خبر دار کیا ہے۔
کالم اور بلاگز واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیےبلاگ کا گروپ جوائن کریں۔