اداکار رتک روشن اور سوزین خان نے 2013 میں طلاق لی تھی لیکن اس کے باوجود بھی دونوں اچھے دوست ہیں اور اکثر اپنے دو بیٹوں کے ساتھ چھٹیاں مناتے نظر آتے ہیں۔ انکی دوستی دیکھ کر اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ اگر یہ دونوں آج بھی اتنے اچھے دوست ہیں تو پھر طلاق کیوں ہوئی۔
رتک کی سابقہ بیوی سوزین نے حال ہی میں فیمینہ میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی اور رتک کی طلاق اور شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں اپنی شادی شدہ زندگی میں اس مقام پر پہنچ گئے تھے جہاں ہمیں یہ فیصلہ کرنا درست لگا کہ اب ہمارا الگ ہو جانا ہی بہتر ہے کیونکہ ایک جھوٹے رشتے میں بندھے رہنے سے بہتر ہے کہ علیحدہ ہو جائیں۔
طلاق کے بعد بھی دونوں کے درمیان کسی طرح کی تلخی نہیں ہے اور سوزین رتک کے اہلِخانہ کے ساتھ آج بھی پہلے کی طرح ملتی ہیں اور یہی حال رتک کا بھی ہے۔
مزید پڑھیے
حال ہی میں لاک ڈاؤن کے بعد سے سوزین رتک کے گھر پر ہیں تاکہ اپنے دونوں بچوں کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ ان دونوں کی دوستی کو دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ ضروری نہیں کہ آپ کا اچھا دوست ایک اچھا جیون ساتھی بن سکے یا پھر آپ کا جیون ساتھی ایک اچھا دوست ثابت ہو۔
بالی ووڈ کے بہت سے ستاروں نے کرونا وائرس کے مختلف ریلیف فنڈز میں دل کھول کر عطیات دیے ہیں ان میں ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کے فنڈ کے ساتھ ساتھ کچھ ریاستی امدادی فنڈز بھی شامل ہیں۔
زیادہ تر ستاروں نے وزیرا اعظم ریلیف فنڈ میں بڑی بڑی رقم بطور عطیات پیش کیں اور میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان عطیات کی رقم کا بھی خوب ذکر کیا جا رہا ہے ایسے میں کرینہ کپور اور سیف علی خان نے ایک بڑی رقم عالمی امدادی ادارے یونیسف کے کھاتے میں جمع کرادی اور یہ بات کچھ لوگوں کو ناگوار گزری اور انہیں سوشل میڈیا پر جم کر ٹرول کیا گیا۔
یوں بھی وزیراعظم نے نام لے لے کر بالی ووڈ کی ان ہستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انکے فنڈ میں رقم جمع کروائی تھی۔ تاہم کرینہ کپور نے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سیف اور انہوں نے وزیر اعظم فنڈ میں بھی عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی انہوں نے دوسرے لوگوں سے بھی اس فنڈ کو آگے بڑھانے کا مشورہ دیا۔
سوناکشی سنہا بھی سوشل میڈیا پر ٹرول کا نشانہ بنیں۔
وزیرا اعظم فنڈ میں ہونے والی عطیات کی بارش میں سوناکشی کو بھی طنز کا نشانہ بنایا گیا جنہوں نے کسی بھی طرح کی امداد کا اعلان نہیں کیا تھا آخر تنگ آکر سوناکشی نے ایک تیکھا جواب لکھتے ہوئے کہا کہ ’اگر کسی نے اعلان ہیں کیا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ مدد نہیں کی، سوناکشی نے یہ بھی کہا کہ آپ نے وہ کہاوت تو سنی ہوگی کہ 'نیکی کر اور دریا میں ڈال۔'
اس لیے آپ لوگ شانت ہو جائیں اور کچھ ڈھنگ کا کام کریں۔ اب چونکہ نریندر مودی جی نے نام لے لے کر ٹوئٹر پر کچھ فلمی ہستیوں کا شکریہ ادا کیا ہے تو فنڈ میں عطیہ دینے والوں کا قطار بڑھتی جا رہی ہے۔
شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لوگوں کو پر گھر پر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایک دعائیں دیں اور چھوٹی سی نظم بھی لکھی۔
دوا بھی دعا بھی
اوروں سے فاصلہ بھی
غریب کی خدمت
کمزور کی سیوا بھی
ساتھ ہی اداکارہ سائرہ بانو نے ایک پیغام میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو فون اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی خیریت معلوم کر رہے ہیں۔