کرونا وائرس: دھوکہ دہی میں ملوث ویب سائٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ



ویب سائٹس ایڈریسز کی جانچ پڑتال کرنے والے ادارے (آئی سی این این اے) نے ویب سائٹس ایڈریس جاری کرنے والی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث ویب سائٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔
'انٹرنیٹ کارپوریشن فار اسائنڈ نیمز اینڈ نمبرز' (آئی سی اے این این) نے اس ضمن میں مذکورہ اداروں کو ایک خط لکھا ہے۔
ادارے کے چیف ایگزیکٹو گوران ماربی نے بتایا کہ قانون کے تحت وہ ویب سائٹس پر شائع ہونے والے مواد کو ہٹوانے کے پابند نہیں ہیں۔ لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم بعض ویب سائٹس کی جانب سے عالمی وبائی مرض کے دوران دھوکہ دہی اور فراڈ سے آگاہ نہیں ہیں۔
گوران کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی مہلک وبا کے باعث دنیا کے بیشتر ممالک نے انتہائی سخت اقدامات کیے ہیں۔ ایسے میں سائبر جرائم کرنے والے بھی متحرک ہیں۔ اور وہ وبا سے بچنے کے لیے پائی جانے والی بے چینی کا فائدہ اُٹھا کر سائبر حملے کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کرونا وائرس سے ملتے جلتے ناموں پر مشتمل ویب سائٹس مختلف ناموں سے صارفین کو اشتہار یا پیغام بھیجتی ہیں۔ جن سے صارف کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے صرف مارچ میں ایک لاکھ ایسی ویب سائٹس رجسٹر ہوئی ہیں۔ جن کے ایڈریسز 'کووڈ' 'کرونا' 'وائرس' یا اس سے ملتے جلتے ہین۔ ان ویب سائٹس کے ذریعے ہزاروں 'سپیم اشہتارات' صارفین کو موصول ہو رہے ہیں۔ جن کے ذریعے لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا جا رہا ہے۔

آئی سی این این اے سیکیورٹی کے سربراہ جان کرین نے 'اے ایف پی' کو بتایا کووڈ 19 خاص طور پر عالمی سطح پر مشہور ہے۔ لہذٰا ہیکرز اس نام کا غلط استعمال کر کے بے دریغ سائبر حملے کر رہے ہیں۔
ماہرین نے اس مشکل صورتِ حال میں بھی لوگوں کی منفی سوچ پر افسوس کا اطہار کیا ہے۔
ادارے نے دنیا بھر میں ویب سائٹس رجسٹر کرنے والے سیکڑوں اداروں کو اس بابت متنبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتِ حال کے سد باب کے لیے نئے ویب سائٹ ایڈریس جاری کریں۔