بھارتی شہر مدراس کی معروف یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے لیڈیز واش رومز میں جاسوسی کا کیمرا نصب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق آئی آئی ٹی میں ایئر و سپیس انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ملازم نے طالبات کے واش رومز میں جاسوسی کے کیمرے نصب کر رکھے تھے۔ انکشاف ہونے پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تاہم اسے عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔
ملزم کو ایک پی ایچ ڈی طالبہ کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا۔ طالبہ کے مطابق جب وہ کیمپس کے لیڈیز ٹوائلٹ میں داخل ہوئی تو اس نے پانی کے پائپ کے قریب کیمرہ دیکھا۔ یہ دیکھتے ہی اس نے واش روم سے باہر دوڑ لگا دی اور مدد کے لئے چلانے لگی۔ چیخ و پکار کی آواز سن کر سکیورٹی اہلکار وہاں پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ کیمرہ مردانہ ٹوائلٹ سے آ رہا ہے اور جس ٹوائلٹ سے کیمرہ لگایا گیا ہے اس میں ملزم موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم تقریباً ایک سال سے اسی بیت الخلا کے ذریعے طالبات کی فحش ویڈیوز بنا رہا ہے، وہ دونوں ٹوائلٹس کے درمیان میں موجود ایک چھوٹے سوراخ کا استعمال کر کے دوسری طرف کیمرہ بھیجتا اور ویڈیوز بناتا ہے۔ ملزم کو گرفتار کیا گیا تاہم اسے عدالت نے ضمانت پررہا کردیا ہے۔