#KFCWedding: جنوبی افریقہ میں کے ایف سی میں شادی کی پیشکش، جوڑے کی موجیں


جنوبی افریقہ میں لوگ ایک ایسے جوڑے کی شادی میں مدد کی پیش کش کررہے ہیں جن کی معروف فوڈ چین کے ایف سی میں کھانا کھاتے ہوئے شادی کی پیش کش کرنے والی ویڈیو سوشل میڈیل پر وائرل ہو گئی تھی۔
ویڈیو میں ایک لڑکے کو اپنے گھٹنے پر بیٹھ کر ایک لڑکی کو انگوٹھی پیش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
جنوبی افریقہ میں کے ایف سی نے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور عوام سے اس جوڑے کو تلاش کرنے میں مدد مانگی تھی۔
مزید پڑھیے
ٹوئٹر پر اس پوسٹ کو 17000 سے زیادہ مرتبہ ری ٹویٹ کیا گیا جس کے بعد ہیش ٹیگ #KFCProposal اور #KFCWedding ٹرینڈ کر رہا ہے۔
انٹرنیٹ پر کے ایف سی کی پوسٹ کے بعد جلد ہی اس جوڑے کی شناخت ہوگئی اور ان کا نام بھٹ ہیکٹر اور نونہلانہلہ ہے۔
لیکن کہانی یہاں ختم نہیں ہوئی۔
دیکھتے ہی دیکھتے دیگر لوگ اس شادی میں مدد کی پیش کش کرنے لگے جس میں لوگوں نے جوڑے کے لیے شادی کی جگہ، ہنی مون اور شادی کے دن پرفارمنس تک کی پیش کش کی گئی ہے۔
مشہور گلوکار زیکس بنتونی نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میں شادی کے دن بغیر کسی فیس پرفارم کرنے کی پیشکش کرتا ہوں۔‘
اس کے بعد مشہور کمپنیوں نے تحائف کی بارش کر دی۔
معروف کار بنانے والی کمپنی آڈی نے بھی موقع کے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا کہ ‘ہنی مون کی یہ منزلیں بہت دور لگتی ہیں۔ کسی کو چاہیے انھیں وہاں لے جائے۔ ہم یہ کرنے کو تیار ہیں۔‘
ڈرم ميگزین نے ٹویٹ کیا ’ہم ان کے ساتھ کومزید خوبصورت بنانا چاہیں گے۔‘
’ہم خوشی کے ساتھ اپنے ميگزین کے دو صفحات انھیں اپنی خوبصورت کہانی بیان کرنے دیں گے۔‘
اس جوڑے کو موصول ہونے والی پیشکش میں مشروبات سمیت کھانا بنانے کے برتن اور کھیل کے ملبوسات بھی شامل ہیں۔
انھیں ہزاروں پاؤنڈز بھی عطیہ کے طور پر دینے کی پیش کش کی گئی ہے۔
کاٹیکا مالوبولا کے مطابق وہ ایف سی سے گزر رہے تھے جب انہوں نے یہ ویڈیو بنائی اور بعد میں اسے سوشل میڈیا پر شائع کیا۔
انھوں نے سوشل میڈیا پر اس ردِ عمل کے حوالے سے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کی عوام کے اس ردعمل سے بہت خوش ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے یہ ویڈیو بنائی اور اپنے ایک واٹس گروپ کو بھیجی اور کہا کہ ذرا یہ دیکھو۔ اس کے بعد میں نے اس کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام پر لگا دیا۔ پھر کیا تھا۔‘
اس جوڑے نے اپنے چاہنے والوں کے لیے فیس بک لائیو کے ذریعے شکریہ ادا کیا ہے۔
بھٹ ہیکٹر نے کہا کہ ان کی شادی سنہ 2012 میں ہوئی تھی لیکن انھیں وہ انگوٹھی پسند نہیں تھی جو اس نے دلہن کے لیے شادی کے وقت خریدی تھی۔ وہ اپنی اہلیہ کے لیے ایک بہتر انگوٹھی خریدنا چاہتے تھے۔
ہیکٹر کا کہنا تھا کہ ‘میں نوکری نہیں کرتا ہوں تو میرے پاس نونہلانہلہ کے لیے شادی کی ایک اچھی سی انگوٹھی خریدنے کے لیے رقم نہیں تھی لیکن میں پھر بھی اس کے لیے کچھ کرنا چاہتا تھا۔‘
جوڑے نے کہا کہ ‘شکریہ ،جنوبی افریقہ! آپ کی محبت نے ہمارے دل کو چھو لیا ہے۔ ہم کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ ہماری محبت کی کہانی نے اتنے سارے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔’
ایک صارف نے لکھا کہ ٹرینڈ #KFCProposal دل موہ لینے والا ٹرینڈ ہے۔
ابانتو کتاب فیسٹیول نے لکھا کہ اگر جوڑے کو کسی نے اب تک کتابیں نہیں دیں تو ہم اس حوالے سے افریقی ادب سے متعلق کتابوں کی لائبریری انھیں تحفے میں دے سکتے ہیں۔
ایک مصور نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وہ اس جوڑے کی پوٹریٹ پینٹنگ بنا کر انھیں تحفہ دیں گے۔
ایک ریڈیو سٹیشن نے لکھا کہ وہ اس جوڑے کو 12 کاؤنسلنگ سیشن دے سکتے ہیں تاکہ ان کی شادی کے بعد کی زندگی اچھی گزرے۔
کالم اور بلاگز واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیےبلاگ کا گروپ جوائن کریں۔